واشنگٹن (جنگ نیوز)امریکی کانگریس میں پاکستان کاکس کی سربراہ کانگریسی رکن شیلا جیکسن لی انتقال کر گئیں۔ صدرآصف زرداری، شہباز شریف چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو ، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اوروفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑنے شیلا جیکسن لی کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔تفصیلات کے مطابق امریکی کانگریس میں پاکستان کاکس کی چیئرپرسن شیلاجیکسن انتقال کرگئیں، وہ امریکا میں پاکستان کی توانا آواز تھیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی کانگریس کی رکن کے انتقال پر اظہارافسوس کرتے ہوئے خاندان اور حامیوں سے تعزیت کی۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ شیلا جیکسن پاکستان اور امریکا کے مضبوط تعلقات کی علمبردار تھیں، ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔صدرآصف زرداری نے امریکی رکن کانگریس کے انتقال پراظہارافسوس کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے خواتین اوربچوں سمیت انسانی حقوق کیلئے آواز اٹھائی، پاک امریکا تعلقات مضبوط بنانے کیلئے ان کے کردار کو یاد رکھا جائے گا ، 2020 کے سیلاب کےدوران انکی کوششیں ناقابل فراموش ہیں۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے بھی امریکی رکن کانگریس کےانتقال پراظہارافسوس کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جمہوریت اور پاکستانی عوام سے وابستگی طویل تھی، انسانی حقوق، خواتین کے حقوق کی چیمپئن کی میراث رہنمائی کرتی رہے گی۔