• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یہ بتاؤ کراچی میں ٹینکر میں کیوں پانی آتا ہے اور نلکوں میں پانی کیوں نہیں آتا، منعم ظفر

امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی منعم ظفر—فائل فوٹو
امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی منعم ظفر—فائل فوٹو

جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے شہر کو لوٹنے کے سوا کچھ نہیں کیا، یہ بتاؤ ٹینکر میں کیوں پانی آتا ہے اور نلکوں میں پانی کیوں نہیں آتا۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے منعم ظفر نے کہا کہ جو شہر سمندر کے کنارے پر ہو اس شہر کے لوگ پانی کے لیے احتجاج کر رہے ہیں، جگہ جگہ پانی کی لائنوں میں کنڈے لگا کر ٹینکر مافیہ منافع کما رہی ہے۔

منعم ظفر نے کہا کہ حب ڈیم سے کراچی کے جن علاقوں کو پانی ملنا تھا وہاں صورتحال خراب ہے، کچھ دیر کی بارش میں گجر اور محمود آباد نالے اوور فلو ہوگئے جبکہ 10 محرم کو میمن گوٹھ میں 5 بچے گٹر میں گر گئے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ کے الیکٹرک کا مطالبہ ہے کہ دیگر آئی پی پیز کی طرح ڈالر میں ادائیگی کی جائے، کے الیکٹرک نے بجلی کی پیداوار میں اضافہ نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھائی ہے، اگر بجلی چوری ہو رہی ہے تو روکنا کے الیکٹرک کی ذمے داری ہے، کے الیکٹرک کو اس شہر پر مسلط کردیا گیا ہے۔

منعم ظفر نے کہا کہ کل بارش میں 400 فیڈر ٹرپ ہوئے اور بتایا گیا کہ تکنیکی مسئلہ ہے، جو لوگ چوری نہیں کر رہے اور بل ادا کررہے ہیں وہاں بھی لوڈشیڈنگ ہے،  3 اپریل 2024 کو نیپرا نے کے الیکٹرک کو لوڈشیڈنگ پر جرمانہ کیا۔

قومی خبریں سے مزید