• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اولمپکس گیمز، پیرس میں جشن کا سماں، خیر مقدمی بینرز آویزاں

کراچی(اسٹاف رپورٹر) اولمپکس گیمز میں شرکت کے لئے دنیا کےمختلف ملکوں کے کھلاڑی پیرس پہنچنا شروع ہوگئے، جبکہ پیرس کی سڑکوں کو دلہن کی طرح سجا دیا گیا، پورے شہر میں جشن کا سما ں ہے،دنیا کے مختلف ملکوں سے آنے والے مرد اور خواتین ایتھلیٹس اولمپکس ویلیج میں منتقل ہونا شروع ہوگئے ہیں، پیرس میںجگہ جگہ خیر مقدمی بینرز انگریزی اور فرنچ زبان میں لگائے گئے ہیں،مختلف ملکوں کے چیف ڈی مشن کا اجلاس اتوار کو بھی ہوا جس میں پاکستانی دستے کے سر براہ محمد شفیق بھی شریک ہوئے، تمام ملکوں کے دستوں کے سر براہوں نے اولمپکس ویلیج کا دورہ کیا اور انتظامات کو مثالی قرار دیا، پاکستان دستے کے سربراہ نے مختلف ملکوں کے ہم منصب کے ساتھ کھیلوں کی ترقی اور فروغ کے حوالے سے بھی بات چیت کی،دوسری جانب اولمپک اور پیرا اولمپک گیمز پیرس کی افتتاحی اور اختتامی تقریبات کے آرٹسٹک ڈائریکٹر تھامس جولی نے کہا ہے کہ افتتاحی تقریب اس کی غیر معمولی ترتیب کی وجہ سے پچھلے سے مختلف ہوگی،پہلی بار یہ کسی اسٹیڈیم کے اندر نہیں ہوگی، شہر کے قلب میں لوگوں کی میزبانی کرنے کا موقع فراہم کرے گا،مجھے امید ہے کہ یہ دلوں میں اتر جائے گی۔ اور یہ تاریخ بنائے گی۔