• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یمن پر اسرائیلی حملہ، ہمارا کوئی تعلق نہیں، کشیدگی پر نظر ہے، سعودی عرب

ریاض (شاہدنعیم) سعودی عرب کی وزارت خارجہ اور وزارت دفاع نے کہا ہے کہ یمن پر اسرائیلی حملے سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے ، یمن کی الحدیدہ گورنری میں اسرائیلی حملوں کے بعد فوجی کشیدگی میں ہونے والی پیش رفت پر گہری تشویش کیساتھ نظر رکھے ہوئے ہیں، مملکت نے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ انتہائی تحمل کا مظاہرہ کریں اور خطے اور اس کے لوگوں کو جنگ کے خطرات سے دور رکھیں۔ تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ اس حملے سے خطے میں پہلے سے موجود کشیدگی کو دوگنا کر دیا ہے اور غزہ میں جنگ کے خاتمے کے لیے جاری کوششوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ سعودی عرب نے عالمی برادری، بااثر اور فعال ممالک سے خطے میں تنازعات کے خاتمے کے لیے اپنا کردار اور ذمہ داریاں ادا کرنے پر زور دیا۔ سعودی عرب نے ایک بار پھر غزہ میں جنگ بندی اور جنگ سے متاثرہ فلسطینی شہریوں کو بلا روک ٹوک امداد کی فراہمی یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ قبل ازیں سعودی وزارت دفاع کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ترکی المالکی نے کہا تھا کہ یمن میں الحدیدہ کو نشانہ بنانے میں سعودی عرب کا کوئی تعلق یا شراکت نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب اپنی فضائی حدود میں کسی بھی فریق کو دراندازی کی اجازت نہیں دے گا۔
اہم خبریں سے مزید