• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسپیکر قومی اسمبلی نے سرکاری اخراجات پر بیرون ملک دوروں پر پابندی عائد کردی

اسلام آباد(آئی این پی ) اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے غیر ضروری بیرون ملک دوروں اور سرکاری اخراجات پر کھانوں پر پابندی عائد کر دی۔ ذرائع کے مطابق پابندی کا اطلاق پارلیمانی وفود اور اسمبلی افسران پر ہوگا، کم سے کم دورانیے اور مختصر وفود کو اجازت ہوگی۔ ذرائع نے بتایا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے سرکاری اخراجات پر ریفریشمنٹ پر بھی پابندی عائد کی اور ڈنر اور لنچ کے ٹائم کوئی اجلاس نہ رکھنے کی ہدایت جاری کر دی۔ قبل ازیں، قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمینوں نے اسپیکر ایاز صادق سے پہلے سے فراہم گاڑیاں پرانی اور ناکارہ ہونے کی شکایت کی تھی جس پر انہوں نے تمام گاڑیوں کی مرمت کی ہدایت جاری کی اور مرمت کے بعد یہ گاڑیاں چیئرمینوں کے حوالے کر دی گئیں۔چیئرمینز مسلسل نئی گاڑیاں فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے رہے مگر ایاز صادق نے انکار کر دیا۔ انہوں نے چیئرمینوں کو جواب دیا کہ خود ان کے پاس موجود گاڑی 2015اڈل کی ہے جبکہ چیئرمینوں کو دی گئی گاڑیاں 2017اور 2019 ماڈل کی ہیں۔اسپیکر کا موقف تھا کہ اتنے فنڈز نہیں ہیں کہ نئی گاڑیاں خریدی جائیں، وزیر اعظم شہباز شریف کی طرف سے بھی نئی گاڑیوں کی خریداری پر پابندی ہے اور وزارت خزانہ نے بھی نئی گاڑیوں کیلئے فنڈز دینے سے انکار کر دیا تھا۔
اہم خبریں سے مزید