کراچی(اسٹاف رپورٹر)آسٹریلیا کے شہر ڈارون میں پاکستان شاہینز نے بنگلہ دیش اے کے خلاف پہلا چار روزہ کرکٹ میچ 148 رنز سے جیت لیا۔پیر کومیچ کے آخری دن پاکستان شاہینز کی اس جیت میں لیفٹ آرم اسپنر مہران ممتاز اور فاسٹ بولر شاہنواز دھانی کی عمدہ بولنگ نےفیصلہ کن کردار ادا کیا۔میچ میں بنگلہ دیش اے کو جیتنے کے لیے428 رنز کا ہدف ملا تھا لیکن مہران ممتاز اور شاہنواز دھانی کی عمدہ بولنگ کے نتیجے میں وہ اپنی دوسری اننگز میں 279 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔مہران ممتاز نے 84 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔شاہنواز دھانی نے 57 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔بنگلہ دیش اے نے میچ کے آخری روز 20 رنز بغیر کسی نقصان کے دوسری اننگز شروع کی اور پہلی وکٹ کے لیے 50 اور دوسری وکٹ کے لیے 69 رنز کی شراکت قائم کی۔ ایک موقع پر 190 رنز پر اس کی صرف تین وکٹیں گری تھیں لیکن 36 رنز کے اضافے پر اس کی 5 وکٹیں گرگئیں۔بنگلہ دیش اے کی دوسری اننگز میں امیت حسن نے 71 رنز اور پرویز حسین نے57 رنز بنائے ۔بنگلہ دیش اے کی آخری وکٹ کی شراکت میں بننے والے 29 رنز کی وجہ سے پاکستان شاہینز کو جیت کے لیے کچھ انتظار کرنا پڑا تاہم محمد علی نے آخری بیٹر مقید الاسلام کو ہریرہ کے ہاتھوں کیچ کراکر جیت کو مکمل کردیا۔دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا چار روزہ میچ جمعہ سے اسی گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔