• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومتِ پاکستان نے اوورسیز کو پاسپورٹ جاری نہ کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا

پیرس،اسلام آباد (حافظ انیب راشد،این این آئی)حکومتِ پاکستان نے اوورسیز کو پاسپورٹ جاری نہ کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا جب کہ سمندر پار پاکستانیوں کوجلد ازجلدپاسپورٹ کے اجرا کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے جانے کافیصلہ کیاگیاہے۔تفصیلات کے مطابق حکومتِ پاکستان کی جانب سے اوورسیز پاکستانیوں کو پاسپورٹ جاری نہ کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا گیا ہے۔وزارتِ خارجہ کے ذرائع کے مطابق اس حوالے سے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحٰق ڈار نے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی جس میں اوورسیز پاکستانیوں کی فلاح و بہبود سے متعلق متعدد اہم امور پر غور کیا گیا۔اجلاس کے شرکا میں سیکرٹری خارجہ، سیکرٹری داخلہ، ڈائریکٹر جنرل IMPASS اور وزارتِ داخلہ اور خارجہ امور کے سینئر حکام شامل تھے۔اجلاس میں اس حالیہ پالیسی فیصلے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جو 5 جون 2024ء کے سرکلر کے ذریعے کسی ایسے فرد کو پاسپورٹ جاری نہ کرنے کیلئےکیا گیا تھا جس نے سیاسی پناہ کی درخواست کی ہو یا پہلے ہی بیرون ملک سیاسی پناہ پر مقیم ہو۔اس موقع پر پالیسی فیصلے کو فوری طور پر واپس لینے سمیت 5 جون 2024ء کے سرکلر کو بھی واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پاسپورٹ کے اجرا میں تاخیر سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔سیکرٹری داخلہ اور ڈائریکٹر جنرل IMPASS نے نائب وزیراعظم کو اس عمل کو ہموار کرنے کی جاری کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزارت داخلہ اور IMPASS اگلے 45 دنوں کے اندر انفراسٹرکچر و آلات کو اپ گریڈ کرنے اور سمندر پار پاکستانیوں کو پاسپورٹ کے اجرا سے متعلق تمام بیک لاگ کو تیزی سے کلیئر کرنے کے لیے فوری ضروری اقدامات کریں گے۔

یورپ سے سے مزید