• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد(ایجنسیاں)کریڈٹ ریٹنگ کی بین الاقوامی ایجنسی فچ نے پاکستان کی ریٹنگ بہتر کر دی ہے۔ پیر کو جاری اعلامیہ کے مطابق ایجنسی نے پاکستان کی طویل مدت غیر ملکی کرنسی جاری کرنے والے ڈیفالٹ ریٹنگ کو ٹرپل سی سے پلس ٹرپل سی میں اپ گریڈ کردیا ہے‘فچ رپورٹ میں ن لیگ کے مینڈیٹ کو کمزورقراردیاگیاہے اوربتایاگیاہے کہ پی ٹی آئی کے حق میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ن لیگ اور اتحادیوں کی پوزیشن کمزورہوئی۔بانی پی ٹی آئی مئی 2023 سے جیل میں ہیں مگراب بھی عوام میں مقبول ہیں۔ادھروزیراعظم شہباز شریف نے کہاہے کہ پاکستان کی عالمی ریٹنگ ٹرپل سی پلس ہونا درست معاشی پالیسیوں کا عالمی اعتراف ہے‘ ریاست کی خاطر سیاست کی قربانی کا ثمر آج معاشی بہتری کی صورت میں ملک اور قوم کو مل رہا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ایجنسی کی طرف سے جاری بیان کے مطابق پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بہترکرنے سے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ اسٹینڈ بائی معاہدہ اور 37ماہ پر مشتمل توسیع فنڈ سہولت کے تناظر میں بیرونی معاونت یقینی ہونے کی عکاسی ہو رہی ہے۔پاکستان کی حکومت نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ پروگرام کے تحت مالی خسارہ کم کیا ، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کیا اور معیشت کے اہم اشاریوں میں بہتری آئی۔ مستقبل میں مزید بہتری کی توقع ہے۔ ایجنسی نے پاکستان میں اصلاحات کے عمل کو جاری کررکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے معیشت کے لئے مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ پاکستان کی حکومت اصلاحات کے عمل کو جاری رکھے ہوئے ہے۔ ٹیکس کے نظا م میں بہتری آ رہی ہے ۔توانائی اور سرکاری ملکیتی اداروں میں گورننس کے حوالے سے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔فچ نے سال 2025میں حسابات جاریہ کے کھاتوں کے خسارے کو 4 ارب ڈالر تک رہنے کی پیش گوئی کی ہے جو جی ڈی پی کا ایک فیصد بنتاہے۔

اہم خبریں سے مزید