کراچی (سید محمد عسکری) ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے نئے چیئرمین کی تقرری کے عمل کو تیز کرنے کیلئے تلاش کمیٹی کا دوسرا اجلاس بدھ کو وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیئرمین ایچ ای سی کے عہدے کیلئے اشتہار کے مسودے کو حتمی شکل دے دی گئی۔ باوثوق ذرائع کے مطابق، اشتہار کی اشاعت کے بعد درخواستیں جمع کرانے کیلئے چار ہفتوں کی مہلت دی جائے گی۔ امیدوار کیلئے اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں کم از کم 15؍ سال کا متعلقہ تجربہ اور پی ایچ ڈی کی ڈگری لازمی قرار دی گئی ہے۔ کمیٹی نے امیدوار کی زیادہ سے زیادہ عمر 65 سال مقرر کرنے پر بھی غور کیا۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے موجودہ چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد کی توسیع شدہ ایک سالہ مدت 30؍ جولائی 2025ء کو مکمل ہو رہی ہے۔ وہ اس سے قبل دو مکمل مدتیں پوری کر چکے ہیں اور گزشتہ سال انہیں ایک اضافی مدت کی منظوری دی گئی تھی۔ ان کی مدت مکمل ہونے کے بعد وفاقی حکومت نے وزیرِ اعظم (جو ایچ ای سی کے کنٹرولنگ اتھارٹی ہیں) کی منظوری سے نئے مستقل چیئرمین کی تقرری کا عمل شروع کر دیا ہے۔ کراچی میں نمائندہ جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ نئے چیئرمین کی تقرری میرٹ اور شفافیت پر مبنی مقابلے کے عمل کے ذریعے کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ایسے امیدوار کی تقرری کیلئے پرعزم ہیں جس کی علمی قیادت اور بین الاقوامی ساکھ نمایاں ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ عمل جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ نئے چیئرمین کی تقرری کے اس عمل کو تعلیمی حلقوں کی جانب سے سراہا گیا ہے جو طویل عرصے سے اعلیٰ تعلیم میں میرٹ پر مبنی قیادت کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن ایکٹ کی شق 5کے مطابق: کنٹرولنگ اتھارٹی ایسے فرد کو چیئرمین مقرر کرے گی جو بین الاقوامی شہرت، ثابت شدہ صلاحیت کا حامل ہو اور جس نے تعلیم، تحقیق یا انتظامی حیثیت سے اعلیٰ تعلیم میں نمایاں خدمات انجام دی ہوں، اور یہ تقرری متعین کردہ شرائط و ضوابط کے تحت ہو گی۔ مزید برآں، قانون یہ بھی کہتا ہے کہ مستقل چیئرمین کی تقرری تک موجودہ کمیشن اراکین میں سے کسی ایک کو زیادہ سے زیادہ تین ماہ کیلئے عبوری چیئرمین مقرر کیا جا سکتا ہے۔ ماضی میں اس شق کے تحت انجینئر امتیاز گیلانی اور انجینئر احمد فاروق بازئی کو عبوری چیئرمین کے طور پر تعینات کیا گیا تھا۔ اب تعلیمی اور پالیسی سے جڑے حلقے حکومت سے توقع کر رہے ہیں کہ وہ یہ تقرری موثر اور بروقت مکمل ہوگی، تاکہ ایچ ای سی کی نئی قیادت پاکستان کے اعلیٰ تعلیم کے نظام کو عالمی معیار، تحقیق اور اصلاحات کی طرف گامزن کر سکے۔