کراچی( اسٹاف رپورٹر )اداکارہ حمیرا اصغر کی موت کی تحقیقات کرنے والی تفتیشی ٹیم کو اہم شواہد مل گئے، اداکارہ اور ماڈل حمیرا اصغر کے موبائل فون تکنیکی تجزئیے کیلئے سی ٹی ڈی کے حوالے کر دئیے گئے ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق حمیرا اصغر کے موبائل فون ڈیٹا میں کچھ پیغامات ڈیلٹ یا ریموو ہیں،ان پیغامات کو حاصل کرنے کیلئے پولیس نے سی ٹی ڈی سے مدد طلب کی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ہو سکتا ہے کہ مٹائے ہوئے پیغامات سے کوئی اہم معلومات ملے۔ دوسری جانب حمیرا اصغر کے بینک اکاوئنٹ میں تین لاکھ سے زائد رقم کی موجودگی کا بھی پتا چلا ہے۔ تفتیشی حکام کے مطابق ا اداکارہ کی موت سے قبل کپڑے دھونے کے شواہد اور فلیٹ سے یوٹیلیٹی بل اور گھر کے کرائے کی مئی 2024 تک کی سلپ ملی ہے۔ تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ حمیرا اصغر کی لاش بیڈروم کے ساتھ والے کمرے میں موجود تھی، جس کمرے سے لاش ملی اسکے واش روم کے ٹب میں کپڑے تھے، جس کمرے میں لاش تھی وہاں بالکونی کا دروزاہ کھلا ہوا تھا۔ تفتیشی حکام کے مطابق فلیٹ کے مرکزی دروازے کو ڈبل لاک اندر سے لگایا گیا تھا، کیمیکل ایگزامینیشن اور میڈیکل رپورٹ سے وجہ موت کا تعین ہوگا۔