اسلام آباد (ناصر چشتی/ خصوصی نمائندہ )چیئرمین پی اے آر سی ڈاکٹر غلام علی کی گرفتاری سے متعلق نئے انکشافات سامنے آگئے ،ان کے قریبی ذرائع کا بتانا ہے کہ چیئرمین پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل ڈاکٹر غلام علی کی گرفتاری عین اس وقت کی گئی جب چند روز بعد انکی مدت ملازمت میں توسیع ہونے والی تھی، ذرائع کے مطابق مبینہ طور پروزارت فوڈ سکیورٹی کے اعلی ٰحکام ڈاکٹر غلام علی کو عہدے سے ہٹانے کیلئے سرگرم تھے،گزشتہ کچھ عرصے میں ذاتی عناد کی بنیاد پر چئیرمین پی اے آر سی کے خلاف متعدد پٹیشنز بھی دائر ہوئیں تاہم اسلام آباد ہائی کورٹ نے انہیں عہدے پر بحال رکھا ۔دوسری جانب ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے اتوار کے روز ہی مقدمہ درج کیا،اور چند گھنٹے بعد ہی ڈاکٹر غلام علی کو گرفتار کرلیا ، مقدمے میں چئیرمین سمیت پی اے آر سی کے 19 سائنسدان اور اعلی افسر نامزد ہیں ،گزشتہ ماہ وفاقی وزیر نے چئیرمین آفس کو تالا لگا کر سیل کروایا تھا جسے اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر ڈی سیل کیا گیا تھا ۔ ڈاکٹر غلام محمد علی کو انکی خدمات کے اعتراف میں کورین حکومت نے سب سے اعلی صدارتی ایوارڈ سے بھی نوازا تھا، پبلک اکاونٹس کمیٹی نے چئئرمین کے خلاف بھرتیوں پر آڈٹ اعتراضات کو ایف آئی اے کے سپرد کیا تھا جس کے بعد گرفتاری عمل میں لائی گی ۔