حماس کے سیاسی سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر ایران نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسماعیل ہنیہ کا خون کبھی رائیگاں نہیں جائے گا۔
ایک بیان میں ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ اسماعیل ہانیہ کی شہادت تہران فلسطین تعلق کو مزید مضبوط کرے گی۔
دوسری جانب ترک وزارت خارجہ نے حماس کے سیاسی سربراہ اسماعیل ہنیہ کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حملے سے ظاہر ہوتا ہے کہ نیتن یاہو کی حکومت کا امن کا کوئی ارادہ نہیں۔
ترک وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ اسماعیل ہنیہ کے قتل کا مقصد غزہ میں جنگ کو علاقائی سطح تک پھیلانا ہے۔
روسی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حماس کے سیاسی سربراہ کا قتل مکمل طور پر ناقابل قبول ہے۔
واضح رہے کہ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سیاسی سربراہ اسماعیل ہنیہ ایران کے دارالحکومت تہران میں اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے ہیں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق حماس نے اسماعیل ہنیہ کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی ہے، وہ ایرانی صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے ایران گئے تھے۔
حماس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ تہران میں اسرائیلی حملے میں اسماعیل ہنیہ شہید ہوئے، حملے میں ان کا ایک محافظ بھی شہید ہوا ہے۔