• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ن لیگ مسئلہ کشمیر کے حل تک یہ مسئلہ ہر فورم پر اٹھاتی رہے گی: ملک یونس

--- جنگ فوٹو
--- جنگ فوٹو

مسلم لیگ (ن) جاپان کے چیئرمین ملک یونس کا کہنا ہے کہ (ن) لیگ مسئلہ کشمیر جاپان سمیت دنیا بھر کے ہر فورم پر اس وقت تک اُٹھاتی رہے گی جب تک کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہو جاتا۔

یوم استحصال کشمیر کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جاپان میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے سفیر پاکستان رضا بشیر تارڑ اور کشمیر یکجہتی کونسل کے صدر شاہد مجید کا کردار قابل تعریف ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی قبضے نے جموں و کشمیر میں تشویشناک صورتحال پیدا کی ہوئی ہے۔ کشمیریوں کی آزادی کی آواز کو دبانے میں ناکام بھارتی فورسز کے ہاتھوں ہر روز بے گناہ لوگ مارے جا رہے ہیں۔ 

 انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان پورے خطے میں اپنا جارحانہ دشمن ایجنڈا نافذ کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور پوری دنیا اس خطے میں اپنی نام نہاد بالادستی قائم کرنے کی بھارتی مایوس کن کوششوں کو بخوبی جانتی ہے۔ 

 انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر پر اپنی غیر قانونی تسلط کو برقرار رکھنے کے لیے بھارتی حکومت کے گھناؤنے عزائم نے جنوبی ایشیا کے تحفظ اور مستقبل کو داؤ پر لگا دیا ہے۔

اس موقع پر (ن) لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان نے کہا کہ کشمیری گزشتہ 7 دہائیوں سے اپنے پیدائشی حق کی جنگ لڑ رہے ہیں اور جاری رکھیں گے۔ تحریک آزادی اپنے منطقی انجام تک پہنچنے تک جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول کے آس پاس اور دنیا بھر کے پاکستانی و کشمیری ہر سال 5 اگست کو یوم استحصال کشمیر مناتے ہیں تاکہ اپنی جدوجہد آزادی کے اپنے عہد کی تجدید کی جا سکے۔ 

ان کا کہنا ہے کہ نئی دہلی اور انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی طاقتوں کو زمینی حقیقت کا ادراک کرتے ہوئے کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق جاری تنازع کو حل کرنا چاہیے۔

ملک نور اعوان نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی صورتحال بد سے بدتر ہوتی جارہی ہے۔ ہر گزرتا دن اور کشمیری عوام کی مسلسل جدوجہد آزادی زور پکڑ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب بھارت کے ناجائز مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو ان کا جائز حق آزادی ملے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ بھارت خود کو دنیا بھر میں ایک نام نہاد چیمپئن کے طور پر پیش کر رہا ہے۔ انسانی حقوق کی پامالی جبکہ فاشسٹ مودی سرکار بھارت میں بسنے والی اقلیتوں پر بے تحاشا مظالم ڈھا رہی ہے اور کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے پر تلی ہوئی ہے۔

خاص رپورٹ سے مزید