روس میں آنے والے حالیہ شدید زلزلے کے دوران بھی انسانیت کی بے لوث خدمت کرنے والے ڈاکٹڑز اپنا فرض جاں فشانی سے نبھاتے رہے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
روسی وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ سی سی ٹی وی فوٹیج مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہو رہی ہے۔
مذکورہ ویڈیو میں روسی ڈاکٹروں کی ایک ٹیم کو دیکھا جاسکتا ہے جو 8.8 شدت کے شدید زلزلے کے جھٹکوں کی پرواہ کیے بغیر اپنے فرض کی ادائیگی کر رہے ہیں۔
وائرل ویڈیو میں ڈاکٹرز اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر مریض کا آپریشن جاری رکھتے ہیں اور اسے مکمل کرکے اس کی جان بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
روسی وزیر صحت اولیگ میلنکوف نے ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ خطرے کے باوجود، ڈاکٹر پرسکون رہے اور آخری دم تک مریض کے ساتھ رہے‘۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مریض اب خطرے سے باہر ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز روس کے مشرقی ساحل کے قریب کامچٹکا جزیرہ نما میں 8.8 شدت کا طاقتور زلزلہ آیا تھا، جس سے عمارتوں کو نقصان پہنچا اور متعدد افراد زخمی ہوئے۔
روسی سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ یہ 1952 کے بعد سے خطے میں آنے والا سب سے طاقتور زلزلہ تھا۔