بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ توشہ خانہ سے جتنے لوگوں نے تحفے لیے ہیں وہ بتائیں باقی تحفے گئے کہاں؟
اسلام آباد ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا نواز شریف نے 12 سال پہلے توشہ خانہ سے گاڑی لی تھی۔ توشہ خانہ سے گاڑی لینا غیر قانونی ہے، گاڑی تو لے ہی نہیں سکتے۔
علیمہ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو توشہ خانہ سے لیا گیا ایک ایک تحفہ بتا رہے ہیں، توشہ خانہ سے جتنے لوگوں نے تحفے لیے ہیں وہ بتائیں باقی تحفے گئے کہاں؟ کتنے لوگ ہمیں بتاتے ہیں کہ انہوں نے تو کبھی وہ تحفے ڈکلیئر ہی نہیں کیے۔
ہمشیرہ بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے ایمانداری سے بتا دیا تو ان کے پیچھے پڑ گئے۔ کل ہم پوچھیں گے آپ توشہ خانہ گاڑیوں کا حساب دیں جس پر مریم نواز پھرتی ہیں۔ زرداری کے پاس توشہ خانہ کی جو گاڑیاں ہیں وہ غیر قانونی ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کا کیس اب ہم کرنے جا رہے ہیں کہ وہ توشہ خانہ کے تحائف کا جواب دیں۔
9 مئی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے علیمہ خان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی ایک ہی چیز مانگ رہے ہیں، سی سی ٹی وی فوٹیج دکھائیں۔ وہ کہتے ہیں کہ دکھائیں پی ٹی آئی کا بندہ کدھر ہے۔
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو اغوا کیا گیا، سپریم کورٹ نے بھی کہا کہ گرفتاری غیر قانونی ہے۔
انکا یہ بھی کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کہتے ہیں کہ پہلے اس پر تو معافی مانگیں، پاکستان کے ایک لیڈر کے ساتھ آپ نے یہ کیا ہے۔
بانی پی ٹی آئی کی بہن نے یہ بھی کہا کہ شاہ محمود قریشی نے کبھی نہیں کہا کہ حملہ کرو۔