سیالکوٹ (نمائندہ جنگ) گورنمنٹ علامہ اقبال ہسپتال سمیت سیالکوٹ کے دیگر سرکاری ہسپتالوں کی حالت زار کو بہتر بنانے اور مریضوں کو ادیات کی مفت فراہمی کے لئے ڈی سی او سیالکوٹ ڈاکٹر آصف طفیل نے ضلع سیالکوٹ کے بنیادی و دیہی مراکز صحت ، ٹی ایچ کیو اور ڈی ایچ کیو لیول ہسپتالوں کے میڈیکل افسران ،سینئر میڈیکل اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ عوام الناس علاج معالجے کی معیاری سہولیات اور مریضوں کو ادویات کی مفت فراہمی کو یقینی بنائیں اس سلسلہ میں کسی قسم کا غفلت یا کوتاہی کا مظاہرہ نہ کیا جائے۔انہوں نے یہ ہدایات ڈی سی او کمیٹی سیالکوٹ میں سٹیزن فیڈ بیک پروگرام کا جائزہ لینے کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جاری کیں ۔ انہوں نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر اور اسسٹنٹ کمشنروں کو ہدایت کی کہ وہ ٹی ایچ کیو اور ڈی ایچ کیو ہسپتالوں پر اچانک مار کروہاں پر صفائی ستھرائی کے انتظامات اور طبی سہولتوں کا معائنہ کریں ۔ انہوں نے محکمہ صحت کے مقامی حکام ،طبی مراکز اور ہسپتالوں کے انچارجوں متنبہ کیا کہ عوام الناس کو طبی سہولتوں کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کیا جائے گی اور فرائض منصبی میں عدم دلچسپی کا مظاہرہ کرنے والوں کی سروسز محکمہ کو واپس کردی جائیں گی ۔اجلاس میں سیٹیز ن فیڈ بیک کے ذریعے موصول ہونے والی شکایات کے ازالہ کیلئے احکامات جاری کئے گئے ۔