• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنگی جرائم اور غزہ میں نسل کشی پر اسرائیل کو جوابدہ ہونا چاہیے، دفتر خارجہ

پاکستان نے واضح کیا ہے کہ اسرائیل کو جنگی جرائم اور غزہ میں نسل کشی کےلیے جوابدہ ہونا چاہیے۔

اسلام آباد سے جاری ایک بیان میں دفتر خارجہ نے مشرقی غزہ میں التابعین اسکول پر اسرائیلی حملے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اسرائیلی حملے کے نتیجے میں 100 سے زائد شہری جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ بےگھر افراد کو پناہ دینے والے اسکول پر نماز فجر کے دوران حملہ غیرانسانی اور بزدلانہ فعل ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ اسرائیل کا شہری آبادیوں کو اندھا دھند نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی اور جنگی جرم ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ اسرائیل کو جنگی جرائم اور غزہ میں نسل کشی کےلیے جوابدہ ہونا چاہیے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ اور اسرائیل کے حامی، غزہ کی نسل کشی کے خاتمے کےلیے فوری اقدامات کریں۔

قومی خبریں سے مزید