دی ہنڈریڈ لیگ میں کیرون پولارڈ نے راشد خان کا بھرکس نکال دیا، ایک اوور میں پانچ گیندوں پر 5 چھکے مار کر اپنی ٹیم کو فتح بھی دلوادی۔
خیال رہے کہ کیرون پولارڈ بین الاقوامی کرکٹ کے ساتھ ساتھ آئی پی آیل سے بھی ریٹائر ہوچکے ہیں، لیکن اس کے باوجود ویسٹ انڈیز کے جارحانہ بلے باز نے ثابت کردیا کہ ان کے کھیل میں ابھی بہت کچھ باقی ہے۔
مایہ ناز آل راؤنڈر کیرون پولارڈ نے انگلینڈ کی دی ہنڈریڈ لیگ میں بیٹنگ کرتے ہوئے راشد خان کو ایک ہی اوور میں 5 لگاتار چھکے مار کر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
پولارڈ کی شاندار بیٹنگ کی بدولت ساودرن بریو نے ٹرینٹ راکٹس کے خلاف 127 رنز کا ہدف اننگز کی آخری گیند سے قبل پورا کیا اور 2 وکٹوں سے فتح حاصل کرلی۔
کیرون پولارڈ نے اپنی اننگ میں صرف 23 گیندوں پر 45 رنز بنائے اور اپنی ٹیم کو فتح دلوانے میں اہم کردار ادا کیا، راشد خان کو انہوں نے ایک ہی اوور میں 5 چھکے جڑ کر میچ کا پانسہ ہی پلٹ دیا۔ پولارڈ کی اننگز میں 2 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔
اس میچ میں ٹرینٹ راکٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں پر 126 رنز بنائے تھے۔ ساودرن بریو نے 127 رنز کا ہدف 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔
راشد خان نے 20 گیندوں پر 40 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی۔ واضح رہے کہ دی ہنڈریڈ لیگ میں ایک اوور پانچ گیندوں پر مشتمل ہوتا ہے۔