پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار علی انصاری اور اداکارہ لائبہ خان نے ڈراموں میں دکھائے جانے والے رومانوی مناظر سے متعلق بات کی ہے۔
علی انصاری اور لائبہ خان نے حال ہی میں ایک ویب شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے مختلف موضوعات پر دلچسپ گفتگو کی۔
اس شو کے دوران میزبان نے لائبہ خان سے سوال پوچھا کہ ڈراموں کے رومانوی مناظر شوٹ کرواتے ہوئے اداکارائیں اکثر تھوڑا ہچکچاتی ہیں تو اس حوالے سے آپ شوبز میں آنے والی لڑکیوں کو کیا مشورہ دیں گی۔
جس پر لائبہ خان نے کہا کہ میرے خیال میں اس کا انحصار اس بات پر ہے کہ اداکار اپنی ساتھی اداکارہ کو کتنی عزت دیتا ہے اور وہ شوٹنگ کے دوران ساتھی اداکارہ کا ہاتھ پکڑتے ہوئے یا اس کے قریب آتے ہوئے اس بات کا خیال رکھتا ہے کہ وہ پریشان نہ ہو تو کوئی مسئلہ نہیں ہوتا۔
اُنہوں نے کہا کہ اگر کسی اداکارہ کو ایسے کسی منظر کی شوٹنگ کے دوران پریشانی ہوتی ہے تو وہ ڈائیریکٹر کو بتا سکتی ہے کہ میں یہ اس طرح کام نہیں کر سکتی۔
اداکارہ نے کہا کہ ہماری انڈسٹری میں لڑکیوں کے پاس اتنا مارجن ہے کہ اگر کوئی منظر ایسا ہے جیسے وہ شوٹ نہیں کروانا چاہتیں تو وہ انکار کر سکتی ہیں۔
علی انصاری نے بھی لائبہ خان کی بات کے ساتھ اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ رومانوی مناظر کی شوٹنگ کروانا آسان نہیں ہوتا، اس طرح کے مناظر کی شوٹنگ سے پہلے آپس میں پروفیشنل طریقے سے بات کرلینی چاہیے کہ ہم منظر کو کس انداز میں شوٹ کرائیں گے۔