پیرس اولمپکس 2024ء میں 40 سال بعد پاکستان کو گولڈ میڈل جتوانے والے قومی جیولین تھروور ارشد ندیم نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام کی محبت بیان کرنے کیلئے الفاظ نہیں ہیں۔
کراچی میں گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کے ہمراہ نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ کراچی میں عوام کی محبت دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔
گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کا کہنا ہے کہ جب لاہور ایئرپورٹ پہنچا تو بڑا زبردست استقبال ہوا تھا، وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز میرے گاؤں آئیں اور عزت بخشی۔
انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پی ایم ہاؤس بلا کر عزت دی اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے مجھے بہت عزت دی، مجھے میرے میڈل سے بڑھ کر عزت دی گئی۔
ارشد ندیم کا کہنا ہے کہ یہی محبتیں پلیئرز کو آگے بڑھنے میں مدد دیتی ہیں، کل عوام کو دیکھ کر دل کر رہا تھا کہ ابھی جیولن دیں، ورلڈ ریکارڈ بنا دوں، آنے والے وقت میں اور محنت کروں گا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنز سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ ارشد ندیم نے ہماری آزادی کے جشن کو بڑھایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم کا کراچی میں شاندار استقبال کیا گیا، پورا سندھ ان کا منتظر ہے۔
کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے ارشد ندیم کو آج 5 کروڑ روپے کا چیک دیا جائے گا، گزشتہ رات ان کو 10 کروڑ روپے کے انعامات دیے گئے۔