• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ارشد ندیم کی اہلیہ کا پہلی بار دیا گیا انٹرویو وائرل


پاکستان کو 40 سال بعد اولمپکس میں گولڈ میڈل جتوانے والے قومی ہیرو، جیویلن کھلاڑی ارشد ندیم کی اہلیہ کی جانب سے دیا گیا پہلا انٹرویو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔

یاد رہے کہ پیرس اولمپکس 2024 میں تاریخ رقم کرنے والے، 27 سالہ ارشد ندیم  شادی شدہ اور دو بچوں کے والد ہیں۔

حال ہی میں ارشد ندیم و اہل و عیال نے وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے دی گئی پر تعیش دعوت میں شرکت کی تھی۔

پرائم منسٹر ہاؤس میں ارشد ندیم کے اعزاز میں منعقدہ تقریب کے میزبان نے ارشد ندیم، والدہ، والد اور اہلیہ سے بھی گفتگو کی اور تاثرات جانے۔

سوالات کے جواب میں ارشد ندیم کی اہلیہ نے بتایا کہ جب شوہر، ارشد جیویلن پھینک رہے تھے تو ذہنی دباؤ میں تھی اور ساتھ ساتھ دعائیں بھی کر رہی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ ارشد ندیم نے مستقل مزاجی کے ساتھ یہ مقام حاصل کیا، مشکلات کے باوجود ہمت نہیں ہارے، اگر کبھی ارشد ندیم ہمت ہارتے تھے یا دلبرداشتہ ہوتے تھے تو ہم سب مل کر اِنہیں حوصلہ دیتے تھے، ہم ارشد ندیم سے کہتے تھے کہ آپ کے ساتھ والدین، پورے پاکستان اور آپ کی اہلیہ کی دعائیں موجود ہیں، آپ گھبرائیں نہیں۔

یاد رہے کہ رواں ہفتے کے آغاز میں وزیراعظم شہباز شریف نے پیرس اولمپکس میں واحد پاکستانی، گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو 15 کروڑ روپے اور ہلال امتیاز سے نوازنے کا اعلان کیا تھا۔

پرائم منسٹر ہاؤس میں ارشد ندیم کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے ارشد ندیم کےلیے 10 کروڑ انعام کا اعلان کیا، میں 15 کروڑ کا اعلان کرتا ہوں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ ارشد ندیم نے نیزہ پھینک کر اولمپک ریکارڈ بنادیا، وہ آج کی اس محفل اور پاکستان کے 25 کروڑ عوام کے ہیرو ہیں، پاکستانی ایتھلیٹ عظیم ماں کے خوش نصیب بیٹے ہیں۔

خاص رپورٹ سے مزید