سفر کے دوران اگر منچلے حسین نظارے کرنے کے ساتھ ساتھ پُرخطر راستوں سے نہ گزریں تو انہیں اپنے سفر کا لطف نہیں آتا۔
سفر کو لطف اندوز بنانے کےلیے سیاح مختلف مقامات کا دورہ کرتے ہیں لیکن انہیں ایڈونچر کے ساتھ ساتھ خوبصورتی کم ہی میسر آتی ہے۔
تاہم چین میں ایک ایسا پل موجود ہے جو مسافروں کو ایڈونچر کے ساتھ ساتھ حسین نظارے بھی دکھا سکتا ہے۔
چین میں دادونگ دریا پر 150 میٹر لمبا ہوا میں معلق پل ایک وقت میں مسافروں و سیاحوں کو حسین نظارے دکھانے کے ساتھ خوف میں بھی مبتلا کردے گا۔
سوشل میڈیا پر اس پل کی ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہو رہی ہیں جن میں ہیوی ٹریفک کو ایک تنگ اور کمزور نظر آنے والے پل پر چلتے ہوئے دکھایا گیا ہے جو 300 میٹر کی بلندی پر ایک چوڑے دریا کی گھاٹی کے اوپر معلق ہے۔
انجینئرنگ کا حیرت انگیز کارنامہ قرار دیے جانے والے 240 میٹر پر پھیلے اس پل کو کسی بھی قسم کے ٹاورز یا بنیاد کے بغیر کھڑا کیا گیا اور صرف چار اسٹیل کیبلز پر انحصار کرتا ہے جو 45 ٹن وزن تک کی گاڑیاں سنبھالنے کے قابل ہیں۔
اس پل کی چوڑائی صرف ایک گاڑی کے گزرنے کےلیے کافی ہے اور اس کے دونوں اطراف حفاظتی جال تو لگے ہوئے ہیں مگر ایک چھوٹی سی غلطی کسی بھی ناتلافی نقصان کا سبب بھی بن سکتی ہے۔
عام حالات میں بھی اس پل پر چلنا انتہائی مشکل ہے، تو ذرا تصور کریں کہ ہوا کے طوفانی جھکڑوں کے دوران یہاں سے گزرنا کیسا ہوگا؟