وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ الیکٹرک گاڑیوں کی مارکیٹ ہائی ٹیک برآمدات میں اضافے کا باعث بنے گی، حکومت الیکٹرک گاڑیوں کے ذریعے گرین ٹیکنالوجی کو فروغ دینے کےلیے پرعزم ہے۔
اسلام آباد میں بین الاقوامی کار کمپنی کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ الیکٹرک گاڑیوں کی مارکیٹ سے ہائی ٹیک برآمدات میں اضافہ ہوگا، ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے، آٹو موٹو سیکٹر میں تکنیکی ترقی کو فروغ ملے گا۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ تجارتی خسارے میں کمی کیلئے بھی یہ ایک اہم قدم ہوگا، پاکستان کی برآمدی صلاحیت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت اور صنعتی شراکت داروں کو مل کر ایسی جدتوں کو متعارف کروانا ہوگا، جس سے آنے والے برسوں میں پائیدار ترقی اور استحکام میں مدد ملے گی۔