وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نواز شریف آئی ٹی سٹی میں پاکستان کی پہلی آرٹیفیشل انٹیلیجنس یونیورسٹی قائم کرنے کا اعلان کر دیا۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے بھر کے پوزیشن ہولڈر طلبہ، اِن کے والدین اور ٹیچرز کو مدعو کر لیا۔
پنجاب کے 9 بورڈز کے 138پوزیشن ہولڈرز طلبہ اور ان کے اساتذہ کو 5کروڑ 86 لاکھ کے کیش انعامات اور تعریفی اسناد پیش کی گئیں۔
تقریب سے خطاب کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز نے پوزیشن ہولڈرز طلبہ کو سی ایم اسکالرشپ پروگرام دینے کا بھی اعلان کیا۔
ایوانِ وزیرِ اعلیٰ میں پوزیشن ہولڈرز کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ آج طلبہ اور والدین کے لیے بڑا دن ہے، تمام پوزیشن ہولڈرز طلبہ کو مبارک باد دیتی ہوں، آپ کی کامیابی پر آپ کے والدین، اساتذہ کو مبارکباد دیتی ہوں۔
مریم نواز نے کہا کہ آج میں آپ کی کامیابی پر ماں کی طرح خوش ہوں، میں جیل میں رہی، مقدمات بھی بھگتے، میری آنکھوں میں آنسو نہیں آئے، ہمت اور بہادری سے نامساعد حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، میرے جیسے انسان کو رُلانا کوئی آسان کام نہیں، آپ کو گارڈ آف آنر مل رہا تھا تو میری آنکھوں میں آنسو آ گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پوزیشن ہولڈر بچے ہمارے سر کا تاج ہیں، یقین ہے آئندہ سال پوزیشن ہولڈرز، ٹاپرز کی تعداد زیادہ ہو گی۔
مریم نواز نے خطاب کے دوران کہا کہ ہر آنے والا دن آپ کی تعلیم اور تربیت میں بہتری لے کر آئے گا، پوزیشن ہولڈرز میں بیٹیاں بھی شامل ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ پنجاب میں تعلیم کے وزیر میرٹ پر لگائے ہیں، ملک کا مستقبل نوجوانوں سے وابستہ ہے، بچوں کی شاندار کامیابی پر اساتذہ اور والدین کو مبارک باد دیتی ہوں۔
تقریب سے خطاب کے دوران وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ’اسکول میل‘ پروگرام میں بچوں کو مفت دودھ ملے گا، اس کا آغاز جنوبی پنجاب سے کر رہے ہیں کیونکہ وہاں غربت زیادہ ہے، ’اسکول میل‘ پروگرام کو ہم پورے پنجاب تک پھیلائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 25 ارب روپے سے اسکالر شپ اسکیم شروع کر رہے ہیں، زیادہ سے زیادہ طلبہ کو اسکالر شپس دیں گے، بچوں کے ہاتھ میں پیٹرل بم، پتھر نہیں دینے۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے لیپ ٹاپ اسکیم دوبارہ شروع کرنے جا رہے ہیں، الیکٹرک بائیکس اسکیم کا آغاز کر دیا گیا ہے، 30 ہزار بائیکس ہم دے رہے ہیں، تعداد کو بڑھائیں گے، الیکٹرک بائیکس سے طلبہ کو اسکول، کالج، یونیورسٹی جانے میں آسانی ہو گی،61 بسیں ان تحصیلوں میں دے رہے ہیں جہاں اسکول بسیں نہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عوام کے درمیان جا کر ان کی مشکلات کا احساس ہوتا ہے، جب میں عوام میں جاتی ہوں تو پتہ چلتا ہے کہ دفتر میں جو تصویر نظر آتی ہے وہ ٹھیک نہیں، جب آپ کام کرتے ہیں تو کام خود بولتا ہے، ہم نے عوام کو بجلی بلوں میں ریلیف دیا ہے، ہم پنجاب میں سولر پروگرام لے کر آ رہے ہیں۔