• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹیکس بنیاد میں وسعت کیلئے دستیاب ڈیٹا سے استفادہ کیا جائے، علی پرویز

وزیر مملکت برائے خزانہ علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ ٹیکس کی بنیاد وسیع کرنے کےلیے پہلے سے دستیاب ڈیٹا سے استفادے کی ضرورت ہے۔

اسلام آباد میں علی پرویز ملک کی صدارت میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی ڈیجیٹلائزیشن سے متعلق ٹاسک فورس کا دوسرا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں چیئرمین ایف بی آر ارشد لنگڑیال، بورڈ ممبران اور ٹاسک فورس کے اراکین نے شرکت کی۔

اجلاس میں ورکنگ گروپس کے کنوینرز نے اپنے اپنے شعبہ جات کی ابتدائی سفارشات پیش کیں، جنہیں وزیر مملکت نے سراہا۔

اس موقع پر چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ ایف بی آر کو ڈیجیٹائز کرنے کے ساتھ دیگر شعبوں کو بھی بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایف بی آر ڈیٹا آٹومیشن اور دیگر جدید سلوشنز اپنا کر محصولات وصولی بڑھانے کےلیے پُرعزم ہے۔

دوران اجلاس وزیر مملکت نے ٹاسک فورس کو ایف بی آر کو ڈیجیٹلائز کرنے کےلیے سفارشات دینے کی ذمے داری دی اور کہا کہ آئندہ اجلاس میں وزارت خارجہ، تجارت، ایس ای سی پی اور اسٹیٹ بینک کے نمائندوں کو بلائیں۔

علی پرویز ملک نے یہ بھی کہا کہ ٹیکس کی بنیاد وسیع کرنے کےلیے پہلے سے دستیاب ڈیٹا سے استفادے کی ضرورت ہے۔

ترجمان ایف بی آر کے مطابق آئندہ اجلاس میں ورکنگ گروپس کے کنوینرز حتمی سفارشات پیش کریں گے۔

قومی خبریں سے مزید