• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شبلی فراز کو پوچھے بغیر کمیٹیاں پی ٹی آئی رہنماؤں کو دی گئیں، سیف اللّٰہ ابڑو

سینیٹر سیف اللّٰہ ابڑو : فوٹو فائل
سینیٹر سیف اللّٰہ ابڑو : فوٹو فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر سیف اللّٰہ ابڑو کا کہنا ہے کہ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز کو پوچھے بغیر کمیٹیاں پی ٹی آئی رہنماؤں کو دی گئیں۔

جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سیف اللّٰہ ابڑو نے کہا کہ حکومت کے تین چار بڑے رہنماؤں نے داخلہ کمیٹی بغیر پوچھے دی، شبلی فراز چیئرمین سینیٹ کے پاس گئے کہ کمیٹی سربراہ کو ہٹایا جائے۔

سیف اللّٰہ ابڑو نے کہا کہ فنانس کمیٹی انہوں نے حکومت کو دی جو اپوزیشن کے پاس ہونی چاہیے۔ اپوزیشن لیڈر کی غیر موجودگی میں پارلیمانی لیڈر کا کام ہے کہ وہ لیڈ کرے، پارٹی فیملی کی طرح ہوتی ہے لیکن پارلیمانی لیڈر کا کوئی ایک بیان موجود نہیں۔

انہوں نے کہا کہ علی ظفر نے ایک بیان بھی نہیں دیا کہ ہماری کمیٹی آپ کیسے لے سکتے ہیں؟، ہر آدمی اپنا کردار بناتا ہے۔ شبلی فراز روزانہ پارلیمنٹ میں آتے ہیں، شبلی فراز بانی پی ٹی آئی کے اسٹاف آفیسر ہونے کے ساتھ سیاسی معاملات بھی دیکھتے ہیں۔

سیف اللّٰہ ابڑو نے مزید کہا کہ شبلی فراز یہاں موجود ہوتے ہیں، لیکن علی ظفر نظر نہیں آتے، علی ظفر کو  یہاں ہونا چاہیے اور اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

انکا کہنا تھا کہ ہم کس کی گائیڈ لائن پر چلیں؟ ہمارے پاس فورم تو پارلیمانی لیڈر ہوتا ہے، جو چیز ہوتی ہے اپوزیشن لیڈر کو بتاتے ہیں لیکن پارلیمانی لیڈر کو بھی موجود ہونا چاہیے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پارلیمانی لیڈر کا اہم کردار ہے لیکن وہ یہاں موجود نہیں ہوتے، داخلہ کمیٹی کی چیئرمین شپ پر خاموشی رہی اور سوال نہیں اٹھایا۔

قومی خبریں سے مزید