• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنڈی ٹیسٹ، ٹائیگرز کے حملے، صائم اور سعود بیٹنگ لائن کو بچاگئے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) دنیا کے صف اول کے بیٹسمین بابر اعظم پاکستانی گراؤنڈ پر پہلی بار صفر پر آؤٹ ہوگئے۔ موافق حالات میں ٹائیگرز نے ابتدا میں بھرپور حملہ کیا، لیکن نوجوان صائم ایوب اور سعود شکیل نے پراعتماد نصف سنچریاں بناکر پاکستانی بیٹنگ لائن کو مکمل تباہی سے بچا لیا۔ پنڈی میں بارش اور گیلی آؤٹ فیلڈ کی وجہ سے میچ ڈھائی بجے شروع ہوا اور41اوورز کا کھیل ہوسکا۔ پاکستان نے ٹاس ہارنے کے بعد چار وکٹ پر158رنز بنائے۔ نائب کپتان سعود شکیل92گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے57رنز بنائے ہیں ان کے ساتھ محمد رضوان31گیندوں پر 24رنز بناکر کریز پر موجود تھے۔ بارش سے متاثرہ اور گھاس والی پچ ابتدائی15اوورز بیٹرز کے لئے مشکلات پیدا کرتی رہی ۔ تین وکٹ ساتویں اوور میں16رنز پر گر گئے ۔ کھیل کے آغاز پر ہی مہمان ٹیم کو پہلی کامیابی اس وقت ملی جب عبداللہ شفیق 2 رنز بناکر سلپ میں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ ان کے بعد کپتان شان مسعود بھی صرف 6 رنز بنا کر متازع انداز میں پویلین لوٹ گئے جب کہ بابر اعظم بغیر کوئی بنائے کاٹ بی ہائینڈ ہوئے۔ اس مرحلے پر نوجوان صائم ایوب کا ساتھ دینے سعود شکیل آئے اور دونوں نے سنبھل کر بیٹنگ کرنا شروع کی۔ پچ بھی کم مشکلات پیدا کررہی تھی۔ دونوں کھلاڑیوں نے چوتھی وکٹ کیلئے 98 رنز کی شراکت قائم کی ۔ اس دوران صائم نے ٹیسٹ کیریئر کی پہلی نصف سنچری مکمل کر لی۔ بنگلہ دیش کو چوتھی کامیابی پانی کے وقفے کے بعد ملی اور صائم ایوب کی 56 رنز کی اننگز حسن محمود کے ہاتھوں اختتام کو پہنچی۔ سعود شکیل اور محمد رضوان نے دن کے اختتام تک مزید کسی نقصان کے بغیر اسکور کو 158 تک پہنچا دیا۔ بنگلہ دیش کی جانب سے حسن محمود اور شریف الاسلام نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔