کراچی (اسٹاف رپورٹر) برمنگھم میں ورلڈ چیمپئنز شپ آف لیجنڈز میں پاکستان کے خلاف کھیلنے سے بھارت کے انکار پر شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ کرکٹ کو سیاست کی نذر نہیں کرنی چاہیے، ہم نے پہلے بھی اپنے تعلقات کرکٹ کے ذریعے بہتر کیے، اسپورٹس ڈپلومیسی سے بہترین چیز کوئی نہیں ہے۔ جب تک ساتھ نہیں بیٹھیں گے، بات نہیں کریں گے تو مسائل حل نہیں ہوں گے بلکہ اس سے مسائل مزید بڑھیں گے۔ ایک انڈا سب کچھ خراب کردیتا ہے۔ اگر کھیلنا ہی نہیں تھا تو پہلے ہی کہہ دیتے ، آپ آ بھی گئے، پریکٹس سیشنز بھی کیے اور پھر ایک ہی دن میں سب کچھ بدل دیا، انہیں مجھ سے اعتراض تھا میں تو انجری کی وجہ سے ویسے بھی نہیں کھیل رہا تھا۔ بھارت کے کرکٹرز نے سابق کپتان اور پاکستانی ٹیم کے ساتھ اتوار کو برمنگھم میں ورلڈ لیجنڈز کا میچ کھیلنے سے انکار کردیا تھا۔ جس کے باعث منتظمین نے یہ میچ منسوخ اور بقیہ میچ کرانے کا اعلان کیا۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ آپ کو اپنے ملک کا اچھا سفیر بننا چاہیے نہ کہ شرمندگی کا باعث۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ میں بھارتی کھلاڑیوں کو ایک لاکھ25 ہزار ڈالرزاور پاکستان کے صف اول کے کرکٹرزکے ساتھ 30ہزار جبکہ اوسط درجے کے پاکستانی کھلاڑیوں سے تین سے پانچ ہزارڈالرز میں معاہدہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پہلے یہ مطالبہ کیا گیا کہ شاہد آفریدی کو پلیئنگ الیون کا حصہ نہ بنایا جائے۔ شیکھر دھون، یوسف پٹھان، عرفان پٹھان ، ہربجھن سنگھ اور دیگر نے میچ کھیلنے کی مخالفت کی تھی۔