کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر کاشف چوہدری نے تاجر دوست اسکیم کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تاجر دشمن اسکیم ہے حکومت فوری طور پر اسکیم واپس لینے اور بجلی کے بلوں پر ٹیکسز ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کرے ، مطالبات کے عمل درآمد اور ناروا ٹیکسز کے خلاف 28 اگست کو ملک بھر میں شٹر ڈاؤن ہوگا ۔ یہ بات انہوں نے پیر کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر تنظیم تاجران پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل سید عبدالقیوم آغا ، مرکزی انجمن دکانداران کے صدر امر دین آغا ، چیئرمین مرکزی انجمن تاجران بلوچستان حاجی خدائے دوست ، مرکزی سیکرٹری انجمن تاجران بلوچستان رحیم آغا گروپ کے ولی افغان ، تاجر اتحاد بلوچستان کے صدر سید حیدر آغا ، حاجی میر حمزہ خلجی ، حاجی محمد زاہد ، ٹکری عبدالحمید بنگلزئی ، قسیم آغا ، سیف الدین نثار ، کاشف حیدری سمیت دیگر بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز تاجروں اور عوام کا خون نچوڑ رہے ہیں عوام اور تاجر بھاری بل ادا کرنے سے قاصر ہیں۔انہوں نے کہاکہ سرحدی تجارت کی بندش سے لوگ نان شبینہ کے محتاج ہوکر رہ گئے۔ پابندی ختم کیا جائے تاکہ لوگوں کے گھروں کے چولہے جل سکیں ۔ گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے حکومت سے مذاکرات کے نام پر وقت ضائع ہوا ، اب بے نتیجہ مذاکرات نہیں کریں گے بلکہ اپنے مطالبات تاجروں کی قوت سے منوائیں گے ، 28 اگست کو شٹر ڈاؤن کی کال دی ہے ،اگر حکومت نے ہڑتال میں خلل ڈالنے کی کوشش یا کسی تاجر کو گرفتار کیا تو ایک دن کی ہڑتال کو غیرمعینہ مدت تک جاری رکھیں گے ۔