نیپرا میں جولائی کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
چیئرمین نیپرا وسیم مختار نے درخواست پر سماعت کی۔
سماعت کے دوران نیپرا حکام نے کہا ہے کہ سی پی پی اے نے جولائی کے لیے فی یونٹ31 پیسے کمی کی تجویز کی ہے۔
سی پی پی اے حکام کا کہنا ہے کہ جولائی کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ سے صارفین کو ساڑھے 4 ارب کا فائدہ ہوگا، صارفین کو ریلیف ستمبر کے بلوں میں ملے گا۔
ممبر کے پی نیپرا مقصود انور نے کہا کہ بجلی مہنگی ہے، مہنگی بجلی سے انڈسٹری بند ہو رہی ہے، مہنگی بجلی سے صنعتی ترقی گر گئی ہے۔
ممبر سندھ نیپرا رفیق شیخ نے کہا کہ بجلی کے بل گھروں کے کرایوں سے بڑھنے کی خبریں چلتی ہیں، یہ خبریں سن کر ہمارے سر شرم سے جھک جاتے ہیں۔
این ٹی ڈی سی کے حکام نے کہا کہ صارف تو 12، 13 میگاواٹ بجلی استعمال کرتا ہے، صارف کو کیپیسٹی 40 ہزار میگاواٹ کی دینا پڑتی ہے۔
نیپرا اتھارٹی نے سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا، اتھارٹی جانچ پڑتال کے بعد تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کرے گی۔
واضح رہے کہ سی پی پی اے نے بجلی کی قیمتوں میں 31 پیسے کمی کی درخواست کی تھی۔