اوسلو(ناصراکبر)المدثر ٹرسٹ ناروے کے زیر اہتمام پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر تقریب کا اہتمام کیا گیا۔تقریب میں مختلف تنظیموں کے عہدے داران سمیت پاکستانی کمیونٹی نے شرکت کی ۔تقریب سےالمدثر ٹرسٹ کے صدرمحمد اسلم چوہدری چنڈالہ، نائب صدر ملک شاہد اعوان، سید رضوان، غلام سرور ، خدمت یورپ کے صدر ڈاکٹر حامد فاروق، انٹرنیشنل ہیلتھ اینڈ سوشل گروپ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر طیب چوہدری اور دیگر نے خطاب کیا۔ اس موقع پر چوہدری اسماعیل سرور بھٹیاں، چوہدری وسیم شہزاد اور دیگر کی طرف سے محمد اسلم چوہدری چنڈالہ اور ان کی انتظامیہ کو گلدستےبھی پیش کئے گئے ۔روزنامہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے محمد اسلم چوہدری چنڈالہ نے کہا کہ میں ناروے کی عوام کا بہت شکر گزار ہوں جو خصوصی بچوں کی مدد کے لیے عطیات دیتے ہیں اور اپنے عطیات کے ذریعے وہ انسانیت کی خدمت کرتے ہیں اور انسانیت کی خدمت کر کے ہی ہم سب کو دلی سکون ملتا ہے تقریب کے آخر میں ڈاکٹر حامد فاروق نے اختتامی دعا کی۔