• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تاریخی فتح، بنگلہ دیشی کپتان کو وطن لوٹنے پر ہیروز جیسے استقبال کی توقع

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بنگلہ دیشی کپتان نجم الحسن شانتو پاکستان میں تاریخی ٹیسٹ سیریز جیت کر وطن لوٹنے پر ہیروز جیسا استقبال کی توقع رکھتے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش میں گزشتہ چند ماہ بہت کٹھن تھے ، خوشی ہے کہ جیت کر اپنے لاکھوں مداحوں کو خوشی دی۔ پہلی اننگز میں 26رنز پر چھ وکٹ گرنے کے بعد بھی یقین تھا کہ کم بیک کرسکتے ہیں۔ دباؤ میں مہدی حسن اور لٹن داس نے نا قابل یقین بیٹنگ کی۔ پلیئر آف دی سیریز مہدی حسن میراز نے کہا کہ پریشر میں کپتان نے صرف مثبت کرکٹ کھیلنے کی تجویزدی تھی۔ منگل کو پریس کانفرنس میں کپتان نے کہا کہ پاکستان کو اس کی سر زمین پر وائٹ واش کر کے اور تاریخ ساز کامیابی حاصل کر کے جو خوشی ملی ہے وہ نا قابل بیان ہے۔ جیتنے کا ارادہ لے کر آئے تھے اور محنت سے اپنے اس ارادے کو پایہ تکمیل تک پہنچایا۔ اگلی سیریز بھارت سے ہے، جو بہت اہم ہوگی۔ کوشش کریں گے کہ بھارت کیخلاف بھی جیت اپنے نام کریں۔ ان کا کہنا تھاکہ وسیم اکرم کا دیوانہ ہوں، خواہش تھی کہ وسیم اکرم سے ملاقات کروں اور ان سے کچھ گر سیکھوں لیکن یہ ممکن نہ ہو سکا۔