کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کا اگلا امتحان انگلینڈ کے خلاف ہوگا، دونوں ٹیموں کا پہلا ٹیسٹ 7 اکتوبر سے ملتان میں شروع ہو گا۔ سیریز کیلئے کیمپ یکم اکتوبر سے شروع ہوگا۔ امکان ہے کہ ملتان دو ٹیسٹ میچوں کی میزبانی کرے گا۔کراچی میں ہونے والا ٹیسٹ ملتان منتقل کردیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق فزیو کلف ڈیکن اور اسٹرنتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ ڈریکس سائمن پاکستان میں رہ کر چیمپئنز کپ سے قبل ٹیسٹ اسکواڈ اور دیگر انٹرنیشنل کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ لیں گے ۔ ٹیسٹ ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی اور ہائی پرفارمنس کوچ ٹم نیلسن واپس آسٹریلیا روانہ ہو جائیں گے، البتہ انگلینڈ کے خلاف سیریز کیلئے کیمپ سے قبل واپس آئیں گے۔ وائٹ بال ہیڈ کوچ گیری کرسٹن چیمپئنز ون ڈے کپ کے دوران موجود ہوں گے ۔ وہ مینٹورز کے ساتھ مل کر مستقبل کیلئے ٹیم کو تیار کریں گے۔ وائٹ بال ٹیم کی اگلی اسائنمنٹ نومبر میں آسٹریلیا میں سیریز ہے۔