• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

6 ستمبر کو خوارج کی مہمند میں ایف سی ہیڈ کوارٹر پر حملے کی کوشش ناکام


6 ستمبر کو خوارج کی مہمند میں ایف سی ہیڈ کوارٹر پر حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ 6 ستمبر کو صبح  4 خوارج کے ایک گروپ نے مہمند میں ایف سی ہیڈ کوارٹر پر حملے کی کوشش تھی۔

سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کیمپ میں داخلے کی کوشش ناکام بنا دی گئی، چاروں خوارج خودکش بمباروں کو کسی قسم کا نقصان پہنچانے سے پہلے ہی ہلاک کر دیا گیا۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق علاقے میں کسی اور خارجی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن کیا گیا، سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ضلع مہمند میں خارجی دہشت گردوں کی ایف سی ہیڈ کوارٹر پر حملے کی کوشش ناکام بنانے پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا۔

ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاک فوج کے جوانوں نے بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت سے کیمپ پر حملہ آور ہونے والے 4 خود کش خارجیوں کو ہلاک کیا۔

وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ مجھ سمیت پوری قوم پاک فوج کے بہادر افسران و جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے، دہشت گردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے افسران و جوان فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں سے پاکستان کی مٹی کو پاک کرنے کے لیے مصروفِ عمل ہیں۔

قومی خبریں سے مزید