وزیراطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا کہ فیک پارٹی، فیک جلسے، فیک ویڈیو اور فیک تصویروں پر جلسے کی مشہوری ہو رہی ہے۔
لاہور سے اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما جلسے سے متعلق فیک ویڈیو اور تصویریں شیئر کر رہے ہیں، لوگوں کی تعداد کو بڑھا چڑھا کر پیش کر رہے ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ حقیقت میں ان کو جلسے کے لیے لوگ نہیں مل رہے، پنجاب کی پی ٹی آئی قیادت جلسے میں لوگ لے جانے کیلئے تیار ہی نہیں۔ اس لیے پنجاب کی تمام سڑکیں خالی ہیں۔
انھوں نے کہا کہ عارف علوی نے جنید اکبر کے نام سے 14 اگست کی ویڈیو شیئر کی جو کشمیر کی ہے۔ عارف علوی جیسے شخص کو بھی نمبر بڑھانے کیلئے پرانی ویڈیوز شیئر کرنی پڑ رہی ہیں۔
عظمیٰ بخاری کے مطابق شہباز گل اور اس جماعت کے یوٹیوبر بھی اگست کے مہینے کی ویڈیو اور تصاویر شیئر کر رہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا انہیں پروپیگنڈہ کرنے کیلئے فیک ویڈیو کا سہارا لینا پڑ رہا ہے۔عارف علوی نے 14اگست کی پرانی ویڈیو شیئر کیں اور انھیں ڈیلیٹ بھی کر دی ہیں۔
انھوں نے کہا انہیں جلسے کی این او سی دی ہے، بندے لانا ان کا کام ہے۔ عظمیٰ بخاری نے کہا یہ لوگ جلسے کے لیے خیبرپختونخوا کے سرکاری وسائل استعمال کر رہے ہیں، علی امین نے پچھلی بار 5 ہزار روپے دیئے تھے، اس مرتبہ پتہ نہیں کیا ریٹ رکھا ہے۔