بھارتی اداکارہ وکرانت میسے کا کہنا ہے کہ وہ تعریف کو سنجیدہ لیتے ہیں نہ تنقید کو جبکہ یہ بھی کہا کہ لوگ اب اداکاروں کے بجائے کرداروں کو پسند کرنے لگے ہیں۔
فلم بارہویں فیل (12th Fail) کی حیرت انگیز کامیابی کے بعد وکرانت میسے کے ساتھ کام کرنے کے خواہشمند افراد کی تعداد میں اضافہ ہوگیا ہے جبکہ مداحوں کی جانب سے سیلفیوں کی درخواستیں بھی بڑھ گئیں، لیکن اداکار کا کہنا ہے کہ ان کا کام کے حوالے سے رویہ بدلا نہیں ہے۔
وکرانت میسے نے 2023 کی بائیوگرافیکل ڈرامہ فلم "12th Fail" میں منوج کمار شرما کا کردار ادا کیا جو ایک آئی پی ایس افسر بننے کے خواب کی تکمیل کےلیے مشکلات کا سامنا کرتا ہے۔
ایک تازہ انٹرویو کے دوران وکرانت نے فلموں چھپک، اے دیتھ ان دا گنج، حسین دلرُبا، سیریز مرزاپور اور کرمنل جسٹس میں اپنے کام کو خوش آئند قرار دیا۔
انکا کہنا تھا کہ اب زیادہ لوگ میرے ساتھ کام کرنا اور میرے ساتھ سیلفیاں لینا چاہتے ہیں۔ میں اس سے لطف اندوز ہو رہا ہوں، لیکن میں نہ تعریف کو سنجیدگی سے لیتا ہوں اور نہ ہی تنقید یا رد کیے جانے کو۔
اداکار کا کہنا تھا کہ فلموں میں ہیرو، ہیروئن کی تعریف میں تبدیلی آئی ہے۔ اب لوگ کرداروں کو زیادہ پسند کر رہے ہیں بجائے اس کے کہ وہ اداکار کو پسند کریں۔
انہوں نے کہا کہ وہ خود کو کسی خاص زمرے میں محدود نہیں کرنا چاہتے اور اگر کوئی اچھی کامیڈی فلم ملی تو وہ ضرور کریں گے۔