مشیر قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ رؤف حسن کی واٹس ایپ گفتگو میں نئے انکشافات نے تحریک انصاف کے ایجنڈے کو بے نقاب کردیا ہے۔ پی ٹی آئی قیادت کو "را" کے ایجنٹوں سے رابطے رکھنے پر شرم آنی چاہیے۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر عقیل ملک نے ترجمان پی ٹی آئی رؤف حسن کی لیک واٹس ایپ گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی ملکی مفادات کے خلاف ایجنڈے کو پروان چڑھا رہی ہے۔ یہ قومی سلامتی اداروں کے خلاف دوبارہ 9 مئی چاہتی ہے۔
اس سے قبل ترجمان پی ٹی آئی رؤف حسن کے پاکستان مخالف بھارتی تجزیہ نگار راہول رائے چوہدری سے واٹس ایپ رابطوں کا انکشاف ہوا تھا۔
لیکڈ آڈیو میں بھارتی تجزیہ نگار راہول رائے چوہدری نے رؤف حسن سے کشمیر پر مضمون کی تصدیق کیلئے رابطہ کیا تھا۔ گفتگو میں رؤف حسن کو یہ کہتے سنا جا سکتا ہے کہ مضمون جزوی طور پر درست ہے، باجوہ مفاہمت کے خواہش مند تھے۔
بھارتی تجزیہ نگار راہول رائے کہتے ہیں کہ رؤف مجھے آپ کے بارے میں فکر ہو رہی ہے۔ براہ کرم اپنا خیال رکھیں۔ لگتا ہے فوج اس موقع کو زیادہ مؤثر کنٹرول حاصل کرنے کے لیے استعمال کر رہی ہے۔
ایک موقع پر رؤف حسن کہتے سنائی دیتے ہیں کہ اگر ایئرپورٹ پر نہ روکا گیا تو وہ لندن جانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
راہول رائے نے رؤف حسن کو تسلی دی کہ ہم آپ کے ویزے کیلئے کوشش کر رہے ہیں، ساتھ میں فضائی ٹکٹوں کی تفصیلات بھی شیئر کی گئیں۔