متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور وزیرِ اعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم کی صاحبزادی شیخہ مہرہ المکتوم نے طلاق کے بعد ’طلاق‘ کے نام سے پرفیوم متعارف کروا دیا۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق 30 سالہ شہزادی شیخہ مہرہ المکتوم نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنے نئے پرفیوم کی لانچ کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے اپنے برانڈ مہرہ ایم 1 کے تحت اس پرفیوم کو متعارف کروایا ہے۔
سوشل میڈیا پر متحرک رہنے والی اور انسٹاگرام پر 9.8 لاکھ فالوورز رکھنے والی شہزادی نے اپنے پرفیوم کی لانچ سے قبل اس حوالے سے ابتداً ایک ویڈیو جاری کی تھی۔
مذکورہ ویڈیو میں ٹوٹے ہوئے شیشے، کالی پنکھڑیاں اور ایک بلیک پینتھر کا ایک مونٹیج دکھایا گیا تھا، اس کے ساتھ ہی انہوں نے اپنے پرفیوم کی بوتل کی رونمائی بھی کر دی، جو سیاہ رنگ کی ہے اور اس پر اس کا نام ’ڈائیوورس‘ کندہ ہے۔
خیال رہے کہ انہوں نے انسٹا گرام پر اپنے شوہر کو طلاق دینے کا اعلان کرنے کے چند ہفتوں بعد اس پرفیوم کا لانچ کیا ہے۔
شہزادی نے گزشتہ سال مئی میں اماراتی تاجر شیخ منا بن محمد بن راشد بن منا المکتوم سے شادی کی تھی۔
ان کی ایک بیٹی ’مہرہ‘ہے، جس کی پیدائش رواں سال یکم مئی کو ہوئی ہے، انہوں نے بیٹی کی پیدائش کے 2 ماہ بعد سوشل میڈیا پر اپنی طلاق کا اعلان کیا تھا۔