ویت نام کے شمالی صوبے فوتھو میں دریا پر بنا ایک پل گر گیا جس کی ویڈیو بھی وائرل ہوگئی۔
مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق 375 میٹر طویل فونگ چاؤ پل کے گرنے سے کم از کم 10 گاڑیاں، جن میں موٹر سائیکلیں اور کاریں شامل تھیں، ریڈ ریور میں جا گریں۔
حکام نے تصدیق کی ہے کہ اس حادثے کے بعد 13 افراد لاپتہ ہیں۔ تاہم، نائب وزیراعظم ہو ڈک فک کے مطابق ابھی تک کسی ہلاکت کی تصدیق نہیں ہوئی۔
دریا میں بہہ جانے والے افراد کی تلاش کےلیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ پل کا ایک حصہ ابھی تک دریا پر موجود ہے، تاہم دو علاقوں کے درمیان رابطہ بحال کرنے کےلیے عارضی پل بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔
واضح رہے کہ یہ حادثہ ایسے وقت میں پیش آیا جب ویت نام طوفان یاگی کے شدید اثرات سے نبرد آزما ہے، جو دہائیوں میں سب سے طاقتور طوفان ثابت ہوا ہے۔
اس طوفان سے ویت نام میں اب تک کم از کم 64 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ شمالی صوبوں میں شدید سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے سے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلی ہوئی ہے۔