• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نقاب پوشوں کے پاس پارلیمنٹ کے ہر کمرے کی چابی تھی، چیئرمین پی ٹی آئی


پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ جس طرح سے ہمارے 10 ایم این ایز کو پارلیمنٹ سے اٹھایا گیا وہ تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

 قومی اسمبلی میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے گرفتاریوں پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ نقاب پوش پارلیمنٹ میں موجود تھے جن کے پاس ہر کمرے کی چابیاں موجود تھیں، اسپیکر کچھ عام ملازمین کو معطل کرکے معاملہ ختم نہ کریں بلکہ اس کی تہہ تک جائیں، ہمارے 10 ایم این ایز پولیس اسٹیشن میں ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان نے کہا کہ مسئلہ گرفتاری کا نہیں ایوان کے استحقاق کا ہے۔

 اسد قیصر بولے اسپیکر قومی اسمبلی کے اقدامات سے مطمئن نہیں، کیا پیپلز پارٹی کے جلسے وقت پر ختم ہوتے ہیں؟ یہ آئینی ترمیم لانا چاہتے ہیں، ایم این ایز کو خریدنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

دوسری جانب اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے تحریک انصاف کے گرفتار ایم این ایز کے پروڈکشن آرڈر جاری کر دیے، 4 رکنی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنا دی، کمیٹی جائزہ لے گی کہ 9 ستمبر کو پولیس اور سیکیورٹی ادارے کس کی اجازت سے پارلیمنٹ میں داخل ہوئے۔

پارلیمنٹ ہاؤس کی لائٹیں بند کرنے کے ذمہ دار سی ڈی اے کے پانچ اہل کار معطل کردیے گئے، پی ٹی آئی ارکان کی پارلیمنٹ سے گرفتاریوں پر سارجنٹ ایٹ آرمز اشفاق اشرف کو معطل کیا گیا، سیکیورٹی میں ناکامی پر دیگر چار سیکیورٹی اہل کاروں کو بھی معطل کردیا گیا۔

سیکریٹری قومی اسمبلی نے وفاقی سیکریٹری داخلہ کو معاملے کی تحقیقات کے لیے خط لکھ کر 7روز میں جواب مانگ لیا۔

قومی خبریں سے مزید