لاہور پولیس نے امیر بالاج قتل کیس کے ملزم طیفی بٹ کے بہنوئی جاوید بٹ کے قاتل کو تلاش کرلیا، جاوید بٹ کا قاتل موٹرسائیکل سوار مشتبہ شخص نکلا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کی تفتیشی ٹیمیں رکشہ ٹریس کرکے شوٹر اظہر تک پہنچ گئی، شوٹر نے گڑھی شاہو کے رہائشی وجیہ الحسن سے رکشہ چلانے کے لیے کرائے پر لیا تھا، شوٹر اظہر سنت نگر اسلام پورہ کا رہائشی بتایا جا رہا ہے۔
شوٹر اظہر رکشہ ساندہ کے علاقے میں رکشہ اسٹینڈ پر کھڑا کرتا تھا، جاوید بٹ کے قتل سے قبل رکشہ اسٹینڈ سے دو روز قبل غائب ہوگیا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کی تفتیشی ٹیموں نے جاوید بٹ کے قاتل شوٹر اظہر کی تلاش کے لیے چھاپے مارے، شوٹر اظہر کے گھر والے گھر کو تالے لگا کر روپوش ہوگئے، پولیس کی تفتیشی ٹیمیں شوٹر اظہر کے اہل خانہ کو بھی تلاش کر رہی ہیں۔
شوٹر ا ظہر نے کس گروپ کے کہنے پر جاوید بٹ کو قتل کیا گتھی تاحال نہ سلجھ سکی، شوٹر اظہر کی گرفتاری پر جاوید بٹ کے قتل کا معمہ حل ہو جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں لاہور پویس نے امیر بالاج قتل کیس کے ملزم طیفی بٹ کے بہنوئی جاوید بٹ کے قتل کے واقعہ کے بعد مقتول کے گھر سے کینال روڈ تک گاڑی کے ساتھ آنے والی 50 سے زائد مشتبہ موٹر سائیکلیں شارٹ لسٹ کر لی تھیں۔
مشتبہ موٹر سائیکلیں چلانے والے تمام افراد نے ہیلمٹ پہن رکھے تھے تصاویر، ویڈیوز تفتیشی ٹیموں کے حوالے کر دی گئی تھیں اور ایکسائز ڈیپارٹمنٹ سے موٹرسائیکلوں کاریکارڈ بھی حاصل کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں تھانہ اچھرہ کی حدود میں امیر بالاج قتل کیس کے ملزم طیفی بٹ کے بہنوئی کو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا گیا تھا۔
مسلم ٹاؤن انڈر پاس کے قریب ان کی کار پر فائرنگ کی گئی تھی، جس میں جاوید بٹ موقع پر ہلاک ہوگیا تھا، جبکہ مقتول کی بیوی فائر لگنے سے زخمی ہوگئی تھی، جبکہ گاڑی میں سوار جاوید بٹ کی بیٹی محفوظ رہی۔