کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر تعلیم و ترقی معدنیات سندھ سید سردار علی شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی طرف سے چند ماہ پہلے جس ایجوکیشن ایمرجنسی کا اعلان کیا گیا تھا اس ضمن میں ابھی تک کچھ بھی واضع نہیں ہو سکا ہے کہ اس اقدام سے تعلیم کی بہتری کے لیے صوبوں سے کیا تعاون کیا جا رہا ہے؟ ایجوکشن ایمرجنسی کے اعلان سے پہلے ہم سے کوئی مشاورت بھی نہیں کی گئی، یہ بات انہوں نے آج میریٹ ہوٹل کراچی میں سندھ ایجوکیشن فائونڈیشن کی جانب سے منعقدہ تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران کہی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سندھ میں برساتوں کی وجہ سے 20ہزار اسکولز متاثر ہوئے ہیں جبکہ ہمارے 20لاکھ بچے مشکل حالات میں تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں، اسکولز کی عمارتیں بیٹھنے کے قابل نہیں ہیں۔قبل ازیں سندھ ایجوکیشن فائونڈیشن کی طرف سے غیر فعال سرکاری اسکول کو فعال بنانے کی ذمہ داری نبھانے والے اسکول ایڈاپٹرز کے اعزاز میں کراچی کے مقامی ہوٹل میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا، اس موقع پر سیکریٹری اسکول ایجوکیشن سندھ زاہد علی عباسی، ایم ڈی سندھ ایجوکیشن فائونڈیشن قاضی کبیر، سابق گورنر سندھ و اسکول ایڈاپٹر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ معین الدین حیدر اور دیگر اسکول ایڈاپٹرز، اساتذہ اور طالبہ و طالبات نے شرکت کی۔ اسکول ایڈاپٹرز کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران صوبائی وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے کہا کہ اسکول ایڈاپٹ کرنے والوں کے معترف ہیں جنہوں نے ہماری خامیوں کو بھی ایڈاپٹ کیا ہے، اسکول کو ایک ماں کے احساس کی طرح گود لینا اور قوم کے بچوں کی تعلیم کی ذمہ داری لینے کے جذبے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، ایڈاپشن پالیسی کی وجہ سے 319 اسکولز فعال ہوۓ اور ایک لاکھ 25 بچوں کو تعلیم مل رہی ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ہم میں سے ہر کسی کو اپنے حصے کا کام کر کے اپنے حصے کی شمع کو خود جلانا ہوگا، انہون نے کہا کہ پہلی دفعہ قانونسازوں کو خط لکھ کر کہا کہ کم سے کم اپنے حلقے کے تین اسکولز کی ذمہ داری لیں، ہمیں ان اسکولز پر بھی نظر رکھنی ہوگی جو فعال ہیں، اس موقع پر سیکریٹری اسکول ایجوکیشن سندھ زاہد علی عباسی نے کہا کہ ملک میں پہلی اسکول ایڈاپشن کی پالیسی سندھ نے شروع کی، جس کے واضع فوائد حاصل ہوۓ، تعلیم کی ترقی کے حوالے ایسی کئی اقدامات ہیں جس میں سندھ نے پہل کی ہے، اسکول ایڈاپٹ کرنے وہی لوگ آگے آتے ہیں جن میں خدمت کا جذبہ ہوتا ہے، ایسے تمام افراد کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔