کراچی (امداد سومرو) وزیر اعلیٰ سندھ نے وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ میں سڑکوں کی تعمیر کے لیے گلگت بلتستان کے لیے مختص کیے گئے فنڈز سے کم، صرف 4.34فیصد فنڈز مختص کرنے پر وزیر اعظم پاکستان سے احتجاج کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے وزیر اعظم شہباز شریف کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ حیدرآباد سکھر موٹروے (ایم 6) کو ترجیحی بنیادوں پر تعمیر کیا جائے۔ وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق حیدرآباد سکھر موٹروے (ایم 6) ملک کے رابطے، ترقی اور خوشحالی کے لیے اہم ہے، اور یہ جنوب سے شمالی نیٹ ورک کا واحد غائب لنک ہے اور گوادر اور کراچی کی بندرگاہوں سے اپ کنٹری کی جانب جانے والی ٹریفک کے لیے بہت اہم ہے۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ صوبہ سندھ کو کل مختص فنڈز کا 5 فیصد سے بھی کم مختص کیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ کے حوالے سے دیئے گئے اعداد و شمار کے مطابق شاہ نے اپنی خط و کتابت میں حوالہ دیا کہ ملک بھر میں سڑکوں کی اسکیموں کے لئے 161.26 ارب روپے مختص کیے گئے جس میں سے پنجاب کی 33 ا سکیموں کے لئے 62.32 ارب روپے، کے پی کی 30 اسکیموں کے لئے 28.36 ارب روپے، بلوچستان کی 22 اسکیموں کے لئے 38.501 ارب روپے، گلگت بلتستان کی 4 اسکیموں کے لئے 7.103 ارب روپے اور سندھ کی 6 سڑکوں کے لیے صرف 7.005 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔