جب کبھی روز مرہ کھانوں سے کچھ مختلف کھانے کا دل کرتا ہے تو سب سے پہلے فاسٹ فوڈ کھانے کا خیال ہی دل میں آتا ہے۔
ویسے تو فاسٹ فوڈ میں شامل غذائیں ہر عمر کے افراد کو مرغوب ہوتی ہیں لیکن نوجوان اور بچے تو ان کے دلدادہ ہیں۔ کئی بار کچھ کھانے کو دل نہیں چاہتا یا پیٹ بھرا ہوتا ہے تو بھی اکثر لوگ فاسٹ فوڈ سامنے آنے پر اسے کھانے سے اپنا ہاتھ روک نہیں پاتے۔
فاسٹ فوڈ کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ صحت کے لیے مفید نہیں، جس کی بنیادی وجہ اس میں استعمال ہونے والے فیٹ پر مبنی اجزاء اور ہمارا طرزِ زندگی ہے۔
اگر فاسٹ فوڈ ہفتے میں ایک بار کھایا جائے اور ساتھ ورزش یا چہل قدمی بھی کی جاتی رہے تو اس کے نقصانات کو زائل یا محدود کیا جاسکتا ہے۔
اس کا ایک بہترین حل یہ بھی ہے کہ فاسٹ فوڈ گھر پر تیار کرلیا جائے، اس طرح آپ اعلیٰ معیار کے اجزاء اور صاف تیل استعمال کرکے اپنی اور اپنے گھر والوں کی فاسٹ فوڈ کھانے کی خواہش کو پورا کرسکتے ہیں۔ ذیل میں عام طور پر کھائے جانے والے چند فاسٹ فوڈز کی ترکیبیں پیش کی جا رہی ہیں۔
درکار اجزاء:
چکن (بون لیس)۔ آدھا کلو
کالی مرچ۔ ایک چائے کا چمچ
مسٹرڈ پاؤڈر۔ ایک چائے کا چمچ
نمک۔ ایک چائے کا چمچ
چائنیز سالٹ (اجینو موتو)۔ ڈیڑھ چائے کا چمچ
ووسٹر شائر سوس۔ 2کھانے کے چمچ
تیل۔ حسبِ ضرورت
میدہ۔ 2 چائے کے چمچ
بیکنگ پاؤڈر۔ ایک چوتھائی چائے کا چمچ
کارن فلور۔ 2 کھانے کے چمچ
انڈہ۔ ایک عدد
چاول کا آٹا۔ 2 کھانے کے چمچ
ٹھنڈا پانی۔ حسبِ ضرورت
نمک۔ آدھا چائے کا چمچ
کارن فلیکس۔ ایک کپ
بریڈ کرمبز۔ ایک کپ
برگر بن۔ حسبِ ضرورت
مایونیز۔ حسبِ ذائقہ
سلاد کے پتے۔ حسبِ ضرورت
چیز سلائس۔ حسبِ ذائقہ
چکن کو تمام مصالحوں کے ساتھ 24 گھنٹوں کے لیے میرینیٹ کر دیں۔ بیٹر بنانے کے لیے اس کے تمام اجزاء کو آپس میں یکجان کر کے گاڑھا بیٹر تیار کرلیں۔ بریڈ کرمبز کے لیے ایک تازہ ڈبل روٹی کے سلائسز کو توے پر سینک کے خستہ کر کے ٹھنڈا کرلیں۔ بعد ازاں گرائنڈ کر کے برنی میں بھر لیں۔ کوٹنگ کرنے کے لیے اس کے تمام اجزاء کو آپس میں ملا دیں۔
اب میرینیٹ کی ہوئی چکن کو بیٹر میں ڈبو کر تیار کی ہوئی کوٹنگ کے ساتھ کوٹ کریں۔ اب تیل گرم کر کے اسے گولڈن براؤن ہونے تک فرائی کریں۔ برگر بن کو دو ٹکڑوں میں کاٹ کر اس پر مایونیز لگا دیں۔ پھر چکن، سلاد کے پتے اور چیز سلائس رکھ دیں۔ کرسپی برگر کو چلی سوس اور کیچپ کے ساتھ گرم گرم پیش کریں۔
درکار اجزاء:
گائے کا گوشت۔ تین پاؤ
بریڈ کرمبز۔ 2 کپ
کالی مرچ پاؤڈر۔ ایک کھانے کا چمچ
نمک۔ حسبِ ذائقہ
مکھن۔ چار کھانے کے چمچ
مسٹرڈ پیسٹ۔ ایک کھانے کا چمچ
چھوٹی پیاز (چوپ کرلیں)۔ ایک عدد
ووسٹر شائر سوس۔ تین کھانے کے چمچ
مایونیز۔ آدھا کپ
چیڈر چیز۔ 6عدد
آئس برگ کے پتے۔ 6 عدد
ٹماٹر (سلائس کاٹ لیں)۔ 2 عدد
برگر بن۔ 6 عدد
ایک پیالے میں گوشت، بریڈ کرمبز، کالی مرچ پاؤڈر، نمک، مکھن، مسٹرڈ پیسٹ، پیاز اور ووسٹر شائر سوس ڈال کر مکس کریں۔ اسے چوپر میں 2 بار چلائیں اور پھر اس کے 6 کباب بنا کر فریج میں رکھ دیں۔ برگر بن کو ٹوسٹ کر کے رکھ لیں۔ اب پین میں تیل گرم کر کے کباب کو درمیانی آنچ پر 8 سے 10منٹ تک فرائی کریں اور ہر کباب پر ایک چیز سلائس رکھ دیں۔ برگر بن پر مایونیز لگا کر آئس برگ کا پتہ رکھیں۔ اس کے اوپر کباب رکھ کر ٹماٹر کے سلائسز رکھ کر تھوڑا مایونیز لگائیں اور پھر بن کا اوپری حصہ رکھ کر پیش کریں۔
درکار اجزاء:
برگر بن۔4عدد
تیل۔ ایک کھانے کا چمچ
پیاز (پسی ہوئی )۔ تین کھانے کے چمچ
ٹماٹر پیسٹ۔ دو کھانے کے چمچ
چکن کا قیمہ۔ آدھا کپ
پانی۔ ایک کپ
گاجر (چھوٹی کٹی ہوئی)۔ ایک کپ
پھلیاں۔ ایک کپ
انناس کے ٹکڑے۔ آدھا کپ
چینی۔ ایک کھانے کا چمچ
سرکہ۔ ایک چائے کا چمچ
تیل (تلنے کیلئے)۔ تین کھانے کے چمچ
برگر بن کو تیل کی مدد سے دونوں طرف سے سینک لیں۔ اب تیل گرم کر کے دو منٹ پیاز بھونیں اور اس میں سر کہ کے علاوہ باقی تمام چیزیں ڈال دیں۔ پھل سبزی کےچھوٹے چھوٹے ٹکڑے کر لیں۔ پھر انہیں6 سے 8 منٹ ڈھک کر مدھم آنچ پر پکائیں۔ چمچ ضرورت کے مطابق چلائیں۔ سبزی گَل جائے تو سرکہ ڈال دیں۔ اب چکن کے کباب بناکر اوپر سبزی ڈالیں اور اپنی پسندیدہ سوس کو برگر بنانے میں استعمال کریں۔
درکار اجزاء:
چکن (بڑے ٹکڑے)۔ ایک کلو
سرکہ۔ آدھا کپ
ادرک لہسن پیسٹ۔ ایک کھانے کا چمچ
پسی ہوئی لال مرچ۔ ایک چائے کا چمچ
پسا ہوا گرم مصالحہ۔ ایک چائے کا چمچ
ہلدی۔ آدھا چائے کا چمچ
نمک۔ حسب ذائقہ
انڈے۔ چار عدد
میدہ۔ حسبِ ضرورت
بریڈ کرمبز۔ حسبِ ضرورت
تیل۔ فرائنگ کے لیے
کھیرا، ٹماٹر، ٹماٹو کیچپ، مایو نیز اور لیموں
چکن میں سرکہ، نمک، ادرک لہسن پیسٹ، پسی ہوئی سرخ مرچ، پسا ہوا گرم مسالہ اور ہلدی لگاکر میرینیٹ کریں۔ میرینیٹ کیے ہوئے گوشت پر میدہ لگائیں۔ اب اسے انڈے میں ڈپ کرکے بریڈ کرمبز لگائیں۔ پھر تھوڑی دیر کے لیے فریج میں رکھ دیں۔ اب کڑاہی میں تیل گرم کرکے گوشت کو فرائی کریں اور گولڈن رنگت آنے پر تیل سے نکال لیں۔ سرونگ پلیٹ میں رکھ کر سوس اور سلاد کے ساتھ پیش کریں۔
درکار اجزاء:
چکن بریسٹ (اُبلا ہوا)۔ ایک عدد
کیچپ۔ آدھا کھانے کا چمچ
نمک۔ ایک چوتھائی چائے کا چمچ
کالی مرچ۔ ایک چوتھائی چائے کا چمچ
مسٹرڈ پیسٹ۔ ایک چوتھائی چائے کاچمچ
بریڈ سلائسز۔ تین عدد
آملیٹ۔ ایک انڈے کا
چیز سلائس۔ ایک عدد
ٹماٹر اور کھیرے کے سلائس۔ حسب ضرورت
مایونیز۔ ایک چوتھائی کپ
بریڈ سلائز گرل پین پر ٹوسٹ کر لیں اور ان پر مایونیز لگالیں۔ پھر ان پر اُبلے ہوا چکن بریسٹ ڈال دیں اور بریڈ کا دوسرا سلائس رکھ دیں۔ اب اس پر مایونیز لگا کر ایک عدد چیز سلائس رکھیں پھر انڈے کا آملیٹ ڈالیں۔ اس پر ٹماٹر اور کھیرے کے سلائس رکھیں، پھر سلادپتے رکھیں۔ اب اس پر تیسرا سلائس رکھ کر درمیان سے اس کے سلائسز کاٹ لیں۔ اس کے بعد درمیان سے سینڈوچ کے مزید سلائسز کاٹ کر کولسلو اور فرنچ فرائز کے ساتھ پیش کریں۔
درکار اجزاء:
آلو۔ ایک کلو
نمک۔ حسبِ ذائقہ
میدہ۔ چھ چائے کے چمچ
کارن فلور۔ چھ چائے کے چمچ
سفید مرچ(پِسی ہوئی)۔ آدھا چائے کا چمچ
لال مرچ ( کُٹی ہوئی)۔ ایک چائے کا چمچ
لہسن پاوڈر۔ ایک چوتھائی چائے کا چمچ
قصوری میتھی۔ چار چائے کے چمچ
تیل۔ حسب ضرورت
آلو لمبائی میں قدرے موٹے کاٹ لیں۔ پھر ایک پتیلی میں نمک ڈال کر اُبال لیں۔ دھیان رہے کہ زیادہ نہیں اُبالیں، پھر پانی نکال کر چھان لیں۔ اس کے بعد آلوؤں میں تمام اجزاء ڈال کر اچھی طرح مکس کر کے فرائی کر لیں۔