اردن کے دارالحکومت عمان میں عرب اسلامی وزارتی کمیٹی کے اجلاس شرکت کیلئے سعودی وزیر خارجہ اردن پہنچ گئے۔
عرب میڈیا کے مطابق اردن میں غزہ تنازع کو روکنے کےلیے اجلاس میں سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اپنے بیان میں کہا غزہ کی صورتحال پر تمام فریقین کو اپنی کوششوں کو دُگنا کرنے کی ضرورت ہے۔
اردنی وزیرخارجہ ایمن صفادی نے کہا کہ اسرائیل پورے مشرق وسطیٰ کو علاقائی تنازعات کے دہانے پر دھکیل رہا ہے۔ دو ریاستی حل کے بغیر امن قائم نہیں ہو گا۔
عرب میڈیا کے مطابق اجلاس میں غزہ کی تازہ ترین صورتحال اور جنگ بندی کے لیے کوششوں کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ رواں ماہ نیویارک میں اقوام متحدہ کے اجلاس میں مشترکہ پالیسی پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔
عرب میڈیا کے مطابق اجلاس میں فلسطین، اردن، مصر، قطر اور ترکیہ کے نمائندوں نے شرکت کی۔