ایک تحقیق کے مطابق کافی نہ صرف آپکے قلب بلکہ یہ دماغ کےلیے بھی مفید ہے۔ محققین کے مطابق وہ افراد جو روزانہ دو سے تین کپ کافی پیتے ہیں ان میں امراض قلب، اسٹروک یا ٹائپ ٹو ذیابیطس کے خطرات کم ہوجاتے ہیں۔
اس تحقیق کے دوران چین کی سوچو یونیورسٹی کے ماہرین نے 37 سے 73 سال کی عمر تک کے پانچ لاکھ برطانوی شہریوں کا ڈیٹا استعمال کیا۔
ڈیٹا کے تجزیہ کے دوران انھیں پتہ چلا کہ اعتدال کے ساتھ روزانہ دو سے تین کپ کافی پینے والے افراد میں کارڈیومیٹابولک امراض پیدا ہونے کے امکانات ان سے نصف تھے جو بالکل کافی نہیں پیتے تھے۔
کارڈیومیٹابولک خطرناک لیکن قابل علاج بیماریاں بشمول ہارٹ اٹیک، اسٹروک، ٹائپ ٹو ذیابیطس، انسولین سے مزاحمت کرنے والا شوگر اور فیٹی لیور کی بیماریاں شامل ہیں، برطانیہ میں یہ عام بیماریاں ہیں اور لاکھوں افراد اس سے متاثر ہوتے ہیں اسکی وجہ غیر صحت بخش طرز زندگی ہے۔
جرنل آف کلینیکل اینڈو کرائنولوجی اینڈ میٹابولزم میں ہونے والی اس تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ اگر لوگ دیگر اشیا یا مشروبات سے روزانہ 200 سے 300 ملی گرام کیفین لیتے ہیں تو انہیں اسی طرح کے فوائد حاصل ہوتے ہیں۔
اس تحقیق کے مرکزی مصنف ڈاکٹر چاؤفو کا کہنا تھا کہ تحقیق سے سامنے آنیوالے نتائج اس بات کو ظاہر کرتے ہیں کہ کافی یا کیفین کی معتدل مقدار مفید ہوسکتی ہے۔