ڈاؤ یونیورسٹی نے ایم ڈی کیٹ کے امیدواروں کے لیے خصوصی ہدایات جاری کر دیں۔
ملک بھر میں رواں سال میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ 22 ستمبر کو ہو گا۔
پی ایم ڈی سی کے ترجمان کے مطابق رواں سال 1 لاکھ 67 ہزار 77 امیدوار ایم ڈی کیٹ میں حصّہ لیں گے، جس کے انعقاد کی ذمے داری ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کو دی گئی ہے۔
پی ایم ڈی سی کے ترجمان نے بتایا کہ سندھ بھر سے 38 ہزار امیدوار ایم ڈی کیٹ میں حصّہ لیں گے جن میں سے 13 ہزار امیدوار کراچی کے ہیں۔
پی ایم ڈی سی کے ترجمان کے مطابق کراچی میں ایم ڈی کیٹ این ای ڈی اور ڈاؤ یونیورسٹی اوجھا کیمپس میں لیا جائے گا۔
اس حوالے سے ڈاؤ یونیورسٹی کے ترجمان نے ہدایات جاری کی ہیں کہ امیدوار ایڈمٹ کارڈ، شناختی کارڈ یا ب فارم اور ڈومیسائل یا پی آر سی ساتھ لے کر آئیں۔
اُنہوں نے بتایا کہ کراچی کے میڈیکل و ڈینٹل کالج و یونیورسٹیز کی 858 نشستوں کے لیے داخلہ ٹیسٹ لیا جائے گا۔
ڈاؤ یونیورسٹی کے ترجمان نے مزید بتایا کہ امتحانی مراکز میں صبح 7 بجے سے 9 بجے تک امیدوار کے داخلے کا وقت مقرر ہے، ساڑھے 9 بجے امتحانی مراکز سیل کر دیے جائیں گے، ایم ڈی کیٹ صبح 10 بجے سے دوپہر 1 بج کر 30 منٹ تک لیا جائے گا۔
اُنہوں نے بتایا کہ امیدواروں کو موبائل فونز، کیلکولیٹر، گھڑیاں، بلیو ٹوتھ اور دیگر الیکٹرانک ڈیوائسز لانے کی اجازت نہیں ہو گی۔
ڈاؤ یونیورسٹی کے ترجمان نے بتایا ہے کہ موبائل فون یا دیگر الیکٹرانک ڈیوائس کی برآمدگی پر طالب علم کا پرچہ منسوخ کر دیا جائے گا۔