پاکستان کرکٹ کو بلندیوں پر لے جانے کی حکمت عملی کے حوالے سے کوچز، سینئر کھلاڑی اور بورڈ حکام کل سر جوڑ کر بیٹھیں گے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، ہیڈ کوچز گیری کرسٹن اور جیسن گلیسپی کے ساتھ بابر اعظم، شان مسعود سمیت 9 ایلیٹ پلیئرز کا کنکشن کیمپ کل لاہور میں ہو گا۔
محسن نقوی کا کہنا ہے کہ کنکشن کیمپ پاکستان کرکٹ کی سابقہ شان کو بحال کرنے کی جانب اہم قدم ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کل لاہور میں اسٹریٹجک کنکشن کیمپ کی میزبانی کرے گا۔ پی سی بی کا بتانا ہے کہ کیمپ کا مقصد پاکستان کرکٹ کے مستقبل کے لیے ایک واضح وژن قائم کرنا ہے۔
یہ اسٹریٹجک سیشن پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی کی اس سال کے شروع میں عہدہ سنبھالنے کے بعد سے سابق کرکٹرز کے ساتھ مختلف میٹنگز کے سلسلے کے بعد کی ایک کڑی ہے۔
کنکشن کیمپ میں پاکستان وائٹ بال فارمیٹ کے کپتان بابر اعظم، ریڈ بال کے کپتان شان مسعود، فخر زمان، محمد رضوان، صائم ایوب، سلمان علی آغا، سعود شکیل، شاداب خان اور شاہین شاہ آفریدی سمیت 9 ایلیٹ کرکٹرز کل میٹنگ میں شریک ہوں گے۔
محسن نقوی کا کہنا ہے کہ یہ پاکستان کرکٹ کو نئی شکل دینے کے لیے جاری سفر کا پہلا قدم ہے۔
شان مسعود کا کہنا ہے کہ یہ بات چیت ہمیں مستقبل کے لیے ایک مضبوط راستہ طے کرنے میں مدد کرے گی۔
کوچ جیسن گلیسپی نے کیمپ کے بارے میں کہا ہے کہ ہم سب ایک ہی مقصد کی طرف کوشاں ہیں اور وہ پاکستان کرکٹ کا معیار بلند کرنا اور جیتنے کا کلچر پیدا کرنا ہے۔
کوچ گیری کرسٹن نے کہا کہ ہم وائٹ بال کرکٹ میں اپنے نقطہ نظر کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کریں گے تاکہ بین الاقوامی مقابلوں کے اعلیٰ درجے کے معیارات کو پورا کیا جا سکے۔