• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حزب اللّٰہ کا پہلی بار دور مار راکٹوں سے اسرائیل پر حملہ

فوٹو بشکریہ الجزیرہ
فوٹو بشکریہ الجزیرہ

لبنان پر اسرائیلی بمباری کے بعد حزب اللّٰہ نے پہلی بار دور مار راکٹوں سے اسرائیل پر حملہ کیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 85 راکٹ حملوں میں رمات ڈیوڈ فضائی اڈے اور ساحلی صنعتی شہر حیفہ کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

رمات ڈیوڈ فضائی اڈے پر حملے میں ایک شخص جبکہ حیفہ کے قریب حملوں میں 3 افراد زخمی ہوئے۔

عرب میڈیا کے مطابق حزب اللّٰہ کے حملوں میں حیفہ کے قریب متعدد مقامات پر آگ لگ گئی ہے۔

اس حوالے سے حزب اللّٰہ کا کہنا ہے کہ اسرائیل میں الیکٹرانک آلات بنانے والی ٹیک کمپنی کو بھی نشانہ بنایا گیا، یہ واکی ٹاکی اور پیجر دھماکوں پر ابتدائی جواب ہے۔

عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ آج صبح عراق سے بھی اسرائیل پر ڈرون حملے کیے گئے، اسرائیلی فوج نے ڈرونز مار گرانے کا دعویٰ کیا۔

دوسری جانب اسرائیل نے لبنان میں حملوں کا دائرہ کئی شہروں تک پھیلا دیا، اسرائیل نے لبنان میں 24 گھنٹوں میں 270 اہداف پر حملے کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔

علاوہ ازیں اسرائیلی فوج کی دیر البلاح میں ایک گھر پر بمباری سے 4 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید