• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہم نے فضل الرحمان سے سنا تھا بانی پی ٹی آئی یہودی لابی کا ایجنٹ ہے، احسن اقبال


پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری جنرل اور وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہم تو مولانا فضل الرحمان سے ہی سنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی یہودی لابی کے ایجنٹ ہیں۔

اسرائیلی اخبار میں شائع مضمون پر تبصرے اور ظفر وال میں میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال نے کہا کہ صیہونی لابی بانی پی ٹی آئی کو دوبارہ پاکستان پر مسلط کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ واضح ہوگیا کہ بانی پی ٹی آئی پروجیکٹ کا ماسٹر مائنڈ کون ہے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو دوبارہ مسلط کرنے کےلیے عالمی سطح پر قلم توڑ رہے ہیں، یروشلم پوسٹ میں شائع مضمون کے بعد بانی پی ٹی آئی کے بارے میں کوئی شبہ نہیں رہنا چاہیے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے گولڈاسمتھ خاندان سے تعلق کسی سے چھپا نہیں ہے، عمران خان کا سابق اہلیہ کے بھائی زیک گولڈاسمتھ سے مضبوط تعلق ہے، جو اسرائیلی لابی کا نمائندہ ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ یہ تیسرا مضمون ہے جو بانی پی ٹی آئی کی حمایت میں شائع ہوا ہے، مضمون کے مطابق صرف بانی پی ٹی آئی ہی اسرائیل کو سند قبولیت دے سکتے ہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ اب کوئی پاکستانی بھول نہیں سکتاکہ بانی پی ٹی آئی پروجیکٹ کا ماسٹر مائنڈ کون ہے۔ ہم نے تو مولانا فضل الرحمان سے ہی سنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی یہودی لابی کا ایجنٹ ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے لوگوں کو اسلامی ٹچ دے کر اپنا تشخص بنایا ہے، جس کے نتیجے میں پاکستان اسرائیل تعلقات بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے حمایت میں امریکی کانگریس میں قرارداد منظور ہوئی، اسرائیل اور بھارت کے حامی ارکان کانگریس نے اس قرارداد کی حمایت کی۔

احسن اقبال نے کہا کہ ایک طرف کہتے ہیں امریکا نے حکومت توڑی ہے، دوسری طرف امریکا میں بیٹھ کر پاکستان پر دشنام طرازی کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے مہم چلائی صادق خان کو میئر لندن کے لیے ووٹ نہ دیا جائے، سوشل میڈیا سے زہر لوگوں کے ذہن میں اتارا جارہا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ شہریوں کا اعتماد ختم ہوجائے تو ریاست اندرونی طور پر کھوکھلی ہوجاتی ہے۔ آج پاکستان کی معیشت اُٹھ رہی ہے اور مہنگائی کم ہو رہی ہے۔ ہمارے معاشی اعشاریے اوپر جارہے ہیں، اسٹاک مارکیٹ بہتر ہو رہی ہے۔

قومی خبریں سے مزید